• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سُپر لیگ بڑا برانڈ، ٹیم خریدیں، بہت فائدہ ہوگا، محسن نقوی، نمبر ون بنانا مشن

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل کو دنیا کی نمبر ون ٹی 20 لیگ بنانا مشن ہے۔ پی ایس ایل کو لمیٹڈ کمپنی بنانے کی منظوری کے بعدپاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آئی پی او لانچ کریں گے۔ پاکستان سپر لیگ الیون کے سلسلے میں لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں روڈ شو ہوا ۔ جس میں چیئرمین محسن نقوی ، لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم ، رمیز راجا اور اسٹار بیٹر بابراعظم سمیت کئی مشہور شخصیات اور سرمایہ کاروں نے بھی شرکت کی ۔ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کیلئے نئی بڈ اوپن اور شفاف ہوگی۔ لیگ پاکستان کا برانڈ بن چکی ہے، سرمایہ کاروں کیلئے بہت مواقع ہیں، جو بھی ٹیمیں خریدیں گے، ان کو بہت فائدہ ہوگا۔ بڈز کا معاملہ مکمل شفاف رکھا ہے۔نیلامی جیتنے والا ہی ٹیم خرید سکتا ہے۔ نیلامی کا عمل براہ راست ہوگا، کسی کو بھی فیور نہیں دیا جائے گا۔ بہت سے لوگ ٹیم خریدنے آئے، سب کو نیلامی کا حصہ بننے کا کہا ہے۔ اگلا روڈ شو نیویارک میں 13 تاریخ کو ہوگا ۔ لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں روڈ شو سے پینل گفتگو میں انہوں نےکہا کہ پاکستان سپر لیگ میں نوجوان ٹیلنٹ کو صلاحیتیں نکھارنے کا موقع ملتا ہے، ہر قسم کے چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے کرکٹ کی بہتری کیلئے کام کیا۔ میرے لیے پاکستان سب سے پہلے ہے ۔ ذرائع کے مطابق اس دوران پی ایس ایل کی 2 ممکنہ نئی ٹیموں کی شمولیت اور اُن کے خریدنے کی تفصیلات بیان کی گئیں۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ پی ایس ایل کو پاکستان اسٹاک ایکس چینج ( پی ایس ایکس) میں لانچ کیا جائے گا ،جہاں سے نئی سرمایہ کاری آئے گی۔ تقریب میں متعدد افراد نے ٹیمیں خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔