موسمِ سرما میں نہ صرف ہماری بُھوک بڑھ جاتی ہے، بلکہ نِت نئے پکوان کھانے کی خواہش بھی جاگ اُٹھتی ہے۔ علاوہ ازیں، ہمیں اپنے جسم کا درجۂ حرارت برقرار رکھنے اور سردی کے اثرات سے بچاؤ کے لیے زیادہ توانائی کی بھی ضرورت ہوتی ہے، جو صرف صحت بخش غذا ہی سے پوری کی جا سکتی ہے۔
سردیوں کی اِسی ضرورت اور خواہش کے پیشِ نظر، اس ہفتے بالسیمک روسٹ بِیف، کراچی کے سوہن حلوے اور ٹماٹر کی منفرد چٹنی جیسی مزے دار، لذیذ، قوّت بخش اور چٹ پٹی ڈِشز کی تراکیب پیش کی جا رہی ہیں۔ آپ بھی انھیں آزمائیں اور ذائقے و لذّت کے ساتھ توانائی بھی پائیں۔
یاد رہے، حقیقتاً سوہن حلوے کی تیاری کا آغاز کراچی سے ہوا تھا۔ بعد ازاں، ملتان کے حوالے نے اتنی شہرت پائی کہ وہیں سے ٹین کے ڈبّوں میں پیک ہو کر مُلک کے طول و عرض میں پہنچنے لگا۔
بالسیمک روسٹ بیف
اجزاء: بیف(بغیر ہڈی کا) ایک کلو، گائے کے گوشت کی یخنی، ایک پیالی، بالسیمک سِرکہ آدھی پیالی، ووسٹر شائر ساس ایک کھانے کا چمچ، سویا ساس ایک کھانےکا چمچ، شہد ایک کھانے کا چمچ، پسی ہوئی لال مِرچ آدھا چائے کا چمچ، کٹے ہوئے لہسن کے جوے چار عدد، ہرے دھنیے کے پتے گارنشننگ کے لیے۔
ترکیب: سب سے پہلے ایک پیالے میں یخنی کے سواباقی تمام اجزاء ڈال کے مکس کرلیں۔ اب اِس میں گوشت بھی ڈال دیں اور اُسے کانٹے کی مدد سے ہلکا ہلکا گود لیں۔
اس کے بعد دیگچی یا پریشر کُکر میں سارے آمیزے کو یخنی کے ساتھ پکائیں۔ گوشت گَل جائے، تو اُسے دیگچی میں سے نکال کر پلیٹ میں رکھیں اور بچا ہوا آمیزہ فرائنگ پین میں بُھون کر ایک الگ پیالی میں نکال لیں۔ آخر میں گوشت پر ہرا دھنیا چھڑکیں اور آمیزے کے ساتھ سرو کریں۔
کراچی کا سوہن حلوا
اجزاء: گندم کا نشاستہ 125 گرام، چینی 500 گرام، پانی3 پاؤ، گھی 180 گرام، جائفل ایک سے دو عدد، جاوتری 3 ماشہ، گوند کتیرا3 ماشہ، چھوٹی الائچی 3 تولے، ٹاٹری ذرا سی، مغز، بادام، پستہ حسبِ ضرورت، زرد میٹھا رنگ ذرا سا۔
ترکیب: الائچی، جاوتری، جائفل کو اچھی طرح پیس لیں۔ نشاستہ، ڈیڑھ پاؤ پانی میں گھول لیں۔ تھوڑے سے پانی میں رنگ ملا لیں۔ تقریباً ایک چھٹانک پانی میں، گوند کتیرا بھگودیں۔ باقی آدھ کلو پانی میں چینی ڈال کر چولھے پر رکھ دیں، ٹاٹری ڈال کر چینی کی میل اُتاریں۔
رنگ، گوند کتیرا، جائفل، جاوتری کاسفوف یکےبعد دیگرے ملائیں اور باقاعدہ چمچ چلاتے رہیں، تاکہ کوئی گٹھلی وغیرہ نہ بنے۔ دوبارہ ابال آنے پر گُھلا ہوا نشاستہ ڈال دیں اور برابر ہلاتے رہیں۔
آگ نہ زیادہ تیز ہو نہ مدہم۔ جب قوام گاڑھا ہوجائے، تو ایک چھٹانک بھر گھی ڈالیں اور خُوب بھونیں، گھی جذب ہوجائے تو اور ڈالیں۔ اِسی طرح گھی ڈالتے اور بھونتے جائیں۔ جب قوام خُود گھی چھوڑنے لگے، تب پستہ، بادام وغیرہ ڈال کر ٹھنڈا ہونے پر ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ بہترین سوہن حلوا تیار ہے۔ (محمّد صفدر خان ساغر، راہوالی، گوجرانوالہ)
ٹماٹر کی چٹنی
اجزاء: ٹماٹر چھے سے سات عدد، پیاز ایک عدد ( باریک کاٹ لیں) سبزمِرچ دو عدد، نمک حسبِ ذائقہ، پِسا ہوا گرم مسالا دو چُٹکی، پِسا ہوا زیرہ(بُھنا ہوا) آدھا چائے کا چمچ، دھنیا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، ہلدی دو چُٹکی، اجوائن ایک چُٹکی، اناردانہ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، کلونجی آدھا چائے کا چمچ، قصوری میتھی آدھا چائے کا چمچ، لہسن پاؤڈر چوتھائی چائے کا چمچ، تیل تین کھانے کا چمچ۔
ترکیب: تیل میں پیاز ڈالیں اور انہیں ہلکا سا نرم کر لیں۔ پھراس میں کٹے ہوئے ٹماٹر ڈالیں اور سارے مسالے بھی شامل کردیں۔ پھر سبز مرچیں اور آدھے گلاس سے کم پانی ڈالیں اور پکنے کے لیے رکھ دیں۔
تھوڑے تھوڑے وقفے کے بعد چمچ ہلاتے رہیں اور چمچ سے ٹماٹروں کو کچلتے رہیں تاکہ ٹماٹر ثابت نہ رہیں، آخر میں جب تیل اوپر آجائے، تو سمجھ لیں، ٹماٹو چٹنی تیار ہے۔ اِس منفرد اور انتہائی لذیذ چٹنی کو ہر کھانے کے ساتھ سَرو کیا جا سکتا ہے۔ (قراۃالعین فاروق، حیدرآباد)