قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے لیے نیلامی کی تاریخ سامنے آ گئی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کے لیے تمام انتظامات مکمل ہو چکے، 23 دسمبر کو بڈنگ ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ قومی ایئر لائن کی نجکاری کے عمل میں ریفرنس پرائس لیک ہونے کے امکانات ختم کر دیے ہیں۔
مشیرِ نجکاری نے مزید کہا کہ نجکاری کمیشن بورڈ اور کابینہ کی نجکاری کمیٹی سے ریفرنس پرائس کی منظوری بڈز جمع کرانے کے بعد دی جائے گی، جس کے بعد بڈز کھولی جائیں گی۔
اُن کا کہنا ہے کہ بڈز میڈیا کی موجودگی میں کھولی جائیں گی، ریفرنس پرائس سے زیادہ بولی والی پارٹی کو قومی ایئر لائن بیچی جائے گی۔
محمد علی نے کہا کہ قومی ایئر لائن کے 75 فیصد حصص کےلیے بڈ ہو گی، کچھ بڈرز 100 فیصد حصص خریدنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے قومی ایئر لائن کے 100 فیصد حصص خریدنے کا آپشن دیا ہے مگر بڈنگ 75 فیصد کے لیے ہو گی۔