• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عشرت فاطمہ، کراچی

موسمِ سرما میں خُشک میوہ جات، اُن سے بنی مختلف ڈِشز اور میٹھے پکوان توانائی و اضافی حرارت کے حصول کا ایک اہم اور مزے دار ذریعہ ہیں۔ سو، بیش تر افراد کی کوشش ہوتی ہے کہ انواع و اقسام کے مقوّی اور لذیذ کھانوں کے ذریعے سرد موسم کو مزید خوش گوار و یادگار بنایا جائے، تو اِسی عمومی رجحان کے پیشِ نظر آج ہم کھجور اور اخروٹ کا کیک، چنے کی دال، اخروٹ اور انڈے کے حلووں جیسی لذیذ ڈِشز کی تراکیب پیش کرر ہے ہیں۔ رواں سردیوں میں آپ بھی آزمائیں اور اپنے موسمِ سرما کو مزید پُر لطف بنائیں۔

کھجور اور اخروٹ کا کیک

اجزاء: خمیر مِکس آٹا ڈھائی کپ، کھجوریں پون کپ (کتری ہوئی)، اخروٹ آدھا کپ (کترے ہوئے)، تیل4چمچ، شکر/ گُڑ آدھا کپ، اسکمڈ ملک ایک چوتھائی کپ، اخروٹ سجاوٹ کے لیے۔

ترکیب: سب سے پہلے اوون کوF ْ350پر گرم کریں۔ ڈبل روٹی کے ٹِن میں بیکنگ پیپر لگا کر تیار کرلیں۔اب آٹے کو چھلنی کی مدد سے چھان لیں اور اس میں کھجوریں اور اخروٹ مکس کردیں۔ آٹے کے آمیزے میں تیل، گُڑ یا شکر اور دودھ ڈال کر انہیں اچّھی طرح ملائیں۔ 

اس طرح سارے اجزاء اچھی طرح مکس ہو جائیں گے۔ اس آمیزے کو چمچ کی مدد سے ڈبل روٹی کے ٹِن میں بھرتے جائیں۔ چمچ کی مدد سے آمیزے کی سطح ہم وار کرلیں اور اوپر سے اخروٹ چھڑک کر دبا دیں۔ کیک کو تقریباً 40۔45منٹ تک بیک کریں۔ جب یہ سُنہری براؤن ہوجائے، تو باہر نکال کر ٹھنڈا کرلیں۔ پھر تیز چاقو یا ڈبل روٹی کے سلائس بنانے والی چُھری سے سلائسز بنا کر سرو کریں۔

اخروٹ کا حلوا

اجزاء: اخروٹ 100گرام، دودھ ایک سے دو لیٹر، چینی 400گرام، انگوری آٹا(سمک) 50گرام، گھی 50گرام، بادام50گرام، پستے50گرام، میدہ 100گرام، ٹاٹری ایک چٹکی، گلوکوز 100گرام، زردہ رنگ ایک چائے کا چمچ، الائچی ،جائفل اور جاوتری آدھا چائے کا چمچ۔

ترکیب: پہلے مرحلے میں دودھ اُبالنے کے بعد اس میں ٹاٹری شامل کر کے پھاڑ لیں۔ اب اِسے ململ کے کپڑے سے چھان کر پنیر بنائیں۔ پھر ایک پین میں گھی ڈال کر اُس میں یہ پنیر ڈال کر پکائیں اور ساتھ ہی چینی، سمک، میدہ، گلوکوز، زردہ رنگ، الائچی، جائفل اور جاوتری شامل کرکے خوب بُھونیں۔ آخر میں اخروٹ، بادام اور پستے ڈال کر مزید پکائیں۔ لیجیے، اخروٹ کا تازہ حلوا تیار ہے۔

چنے کی دال کا حلوا

اجزاء: چنے کی دال (بھیگی ہوئی) آدھا کلو، دودھ دو سے تین کھانے کے چمچ، گھی ایک کپ،الائچی پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، شکر ایک کپ، بادام، پستے( کٹے ہوئے) گارنشنگ کے لیے۔

ترکیب: سب سے پہلے ایک پتیلے میں پانی گرم کرلیں اور اُس میں چنے کی دال ابلنے کے لیے رکھ دیں۔ جب دال اُبل کر اچھی طرح گل جائے، تو اسے بلینڈر میں ڈال کر بلینڈ کر لیں۔ اب ایک کڑاہی میں گھی ڈالیں اور اُس میں بلینڈ کی ہوئی چنے کی دال ڈال کر خُوب پکائیں، پھر الائچی پاؤڈر ڈال کر ہلائیں۔ 

اُس کے بعد چینی ڈال کر اُس وقت تک اچھی طرح چمچ ہلاتے رہیں، جب تک کہ چینی شِیرہ بن کر حلوے میں جذب نہ ہو جائے۔ اب چولھا بند کردیں اور اوپر سے کٹے ہوئے بادام، پستے ڈال کر خُوب صُورت سی گارنشنگ کرلیں۔ ذائقے دارچنے کی دال کا حلوا تیار ہے۔

انڈے کا حلوا

اجزاء: گھی ایک کپ، سوجی ایک کپ، دودھ آدھا کپ، انڈے (پھینٹے ہوئے)4 سے5 عدد، الائچی پاؤڈر1 چائے کا چمچ، چینی1کپ، زردہ رنگ حسبِ ضرورت، کشمش آدھا کپ، بادام (پسے ہوئے( 3سے4عدد، کاجو 6 سے 7 عدد۔

ترکیب: ایک درمیانے پتیلے میں گھی گرم کریں اور اُس میں سوجی ڈال کر پکالیں۔ اب ہلکی آنچ پر اِس میں دودھ ڈال کراچھی طرح مِلائیں۔ مِلاتے ہوئے پھینٹے ہوئے انڈوں کا آمیزہ (آدھا) ڈال کر چمچ ہلاتے رہیں، جب تک کہ وہ اچھی طرح پک نہ جائے۔ اُس کے بعد بچا ہوا آمیزہ ڈال کر مزید پکائیں۔ اب اِس میں الائچی پائوڈر ڈال کر اُسے بھی اچھی طرح مکس کرلیں۔ 

پھر چینی ڈال کر وہ بھی مکس کردیں۔ آخر میں زردہ رنگ ڈال کے مسلسل چمچ ہلائیں، جب تک کہ انڈے پک کر پتیلےکا پیندا نہ چھوڑ دیں۔ اس کے بعد کشمش اور پِسے ہوئے بادام ڈال کر اُنھیں بھی مکس کرلیں۔ چولھے سے اُتار کر کٹے ہوئے کاجوؤں سے حلوے کی گارنشنگ کریں۔ لیجیے، انڈوں کا لذیذ حلوا تیار ہے۔

سنڈے میگزین سے مزید