• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت سے نیپاہ وائرس کا پھیلاؤ، پاکستان کا انتباہ، ایڈوائزری بھی جاری

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وفاقی وزارت صحت نے بھارت سے جان لیوا نیپا وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق انتباہ اور ایڈوائزری جاری کردی ہے۔

وزارت صحت نے انتباہ اور ایڈوائزری میں ملک بھر کے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور زمینی سرحدوں پر سخت اسکریننگ کی ہدایت کی ہے۔

ایڈوائزری میں پاکستان آنے والے اور ٹرانزٹ مسافروں کی 100 فیصد اسکریننگ لازمی قرار دی گئی ہے، تھرمل اسکریننگ اور طبی معائنہ ہر مسافر کےلیے لازمی ہوگا۔

وزارت ہیلتھ کی ایڈوائزری میں کہا گیا کہ مسافروں کی گزشتہ 21 دن کی مکمل ٹریول ہسٹری کی تصدیق کی جائے ،نیپا سےمتاثرہ یا ہائی رسک علاقوں سے آنے والے مسافروں کی خصوصی نگرانی کی جائے۔

ایڈوائزری میں مزید کہا گیا کہ نیپا کی مشتبہ علامات پر متاثرہ شخص کو فوری آئسولیٹ کیا جائے، بغیر کلیئرنس کسی مسافر کو پاکستان میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔

حکام کے مطابق پاکستان میں تاحال نیپا کا کوئی تصدیق شدہ کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے جبکہ بھارتی ریاست مغربی بنگال میں نیپا وائرس کے 5 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

بھارت سے جان لیوا نیپا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کےلیے تھائی لینڈ، ملائیشیا، ہانگ کانگ، سنگاپور اور نیپال نے بھی اقدامات کیے ہیں، سرحدوں اور ایئر پورٹس پر اسکریننگ شروع کردی ہے۔

قومی خبریں سے مزید