مصنّف: ڈاکٹر عبدالستار عباسی
صفحات: 175، قیمت: درج نہیں
ناشر: الائیڈ بُک کمپنی، لاہور۔
اُردو ادب میں ناول نگاری کو اہم مقام حاصل ہے اور ناول نویسی کی بھی ایک تاریخ ہے۔ ناول کا دائرہ بہت وسیع ہوتا ہے، جس میں کُھل کر اپنا مافی الضمیر بیان کیا جاسکتا ہے۔’’عبدل‘‘ زیرِ نظر ناول کا ایک ایسا کردار ہے، جس نے زندگی کے نشیب و فراز دیکھے، لیکن اپنا سفر جواں مَردی کے ساتھ جاری رکھا اور ایک کے بعد ایک منزل طے کرتا چلا گیا۔ ’’عبدل‘‘ ہمارے معاشرے کی جھلک لیے زندگی کے پیچ و خم میں غلطاں ضرور رہا، لیکن کبھی نااُمیدی اُس کے قریب بھی نہ آئی۔ زیرِ نظر ناول ایک سچّی کہانی پر مشتمل ہے اور پورا ناول ایک ہی کردار سے آراستہ ہے۔
اِس ناول کی کہانی بہت سہل انداز میں لکھی گئی ہے اور اسے 21عنوانات میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ ڈاکٹر عبدالستار عباسی نے اپنے ادبی سفر کا آغاز افسانہ نگاری سے کیا۔ زیرِ نظر کتاب میں کسی نقّاد کی رائے شامل نہیں، دیباچہ مصنّف نے خود لکھا ہے، اس سے بھی اُن کی خوداعتمادی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ نیز، ابتدا میں مصنّف نے اپنے والدِ گرامی، محمد دلبر عباسی کا تحریر کردہ ایک’’سہرا‘‘ بھی شامل کیا ہے، جو اُنہوں نے ڈاکٹر عبدالستار عباسی کی شادی کے موقعے پر لکھا تھا۔