مصنّفہ: شاز ملک (فرانس)
صفحات: 160، قیمت: 1000روپے
ناشر: موجِ سخن اشاعت گھر، کراچی۔
فون نمبر: 3350102 - 0336
شاز ملک کا شمار، اُن خواتین تخلیق کاروں میں ہوتا ہے، جو مغربی ممالک میں بھی اپنی ادبی اور تہذیبی اقدار زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ وہ گزشتہ کئی برس سے فرانس میں مقیم ہیں، لیکن اُن کا دل پاکستان ہی میں رہتا ہے۔ وہاں رہ کر بھی پاکستان اور پاکستانیوں سے متعلق صرف سوچتی ہی نہیں، لکھتی بھی ہیں۔ شاز ملک کا بنیادی حوالہ شاعری ہے، لیکن افسانہ نویسی اور ناول نگاری بھی اُن کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ وہ شاعرہ بھی باکمال ہیں اور نثر نگار بھی بہترین۔
زیرِ نظر کتاب اُن کا تیسرا افسانوی مجموعہ ہے اور اب اُن کی شایع شدہ کتب کی تعداد 14 ہوگئی ہیں۔ اُنہوں نے اپنی اِس کتاب کو سچّی کہانیوں سے کشید کیا ہے، جب کہ ہر کہانی میں گویا اُن کا دل دھڑکتا محسوس ہوتا ہے۔شاز ملک کا ’’پیش لفظ‘‘ بھی افسانوی رنگ لیے ہوئے ہے۔
یعنی اُنہوں نے اپنی سرگزشت کو بھی افسانہ بنادیا ہے، جو معمولی بات نہیں۔ زیرِ نظر کتاب 29کہانیوں پر مشتمل ہے اور ہر کہانی، ایک مختلف ذائقے سے آشنا کرتی ہے۔کتاب میں نسیم شیخ اور شاعر علی شاعر کے مضامین بھی شامل ہیں، جن میں شاز ملک کی افسانہ نگاری کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔