مؤلف: غلام عباس
صفحات: 128، قیمت: 1200روپے
ناشر: اردو سخن ڈاٹ کام۔
فون نمبر: 7137016 - 0312
شبّیر ناقد شاعر بھی ہیں اور ادیب بھی، جب کہ اِن دونوں حوالوں سے اُن کی 53کتابیں منظرِعام پر آچُکی ہیں، ایسا لگتا ہے کہ اُن کے پاس اور کوئی کام نہیں۔ اُنہوں نے دوسروں کے لیے بہت لکھا، اب اُن پر لکھا جارہا ہے۔ زیرِ نظر کتاب کے مؤلف، غلام عباس خود بھی ایک اچھے لکھاری ہیں۔ شبّیر ناقد سے متعلق اُن کی تین کتابیں شائع ہوچُکی ہیں اور چار زیرِ طبع ہیں۔
زیرِ نظر کتاب غلام عباس نے شبّیر ناقد کے مجموعۂ کلام ’’صلیبِ شعور‘‘ کے تناظر میں تحریر کی ہے۔ شبیر ناقد کے شعری کینوس میں غزل کا فزوں تر سرمایہ موجود ہے۔ اُن کے’’جہانِ غزل‘‘ میں ہر طرح کی غزلیات کے نمونے پائے جاتے ہیں۔
یوں کہیے، اُن کے پاس مسلسل غزل بھی ہے اور غیر مسلسل بھی، جب کہ کچھ غزلیں فکری حوالوں سے ملّی و قومی نوعیت کی حامل بھی ہیں۔ غلام عباس نے شبّیر ناقد کی اُردو غزل کا تحقیقی و تنقیدی جائزہ نہایت منفرد انداز میں پیش کیا ہے، اس سے اُن کی تنقیدی بصیرت کا بھی اندازہ ہوتا ہے۔ نیز، کتاب کا انتساب معروف شاعرہ، شاہدہ لطیف کے ’’جذبۂ پاکستانیت‘‘ کے نام ہے۔