اپنے خیالات کا بے باکی سے اظہار کرنے والی معروف پاکستانی اداکارہ و میزبان مشی خان نے عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ہانیہ عامر پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کر دیے۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر مشی خان نے ویڈیو اور اسٹوریز شیئر کی ہیں، جن میں انہوں نے ساتھی فنکارہ ہانیہ عامر سے متعلق چند سوالات اُٹھا دیے۔
مشی خان ایک سینئر میزبان، اینکر اور سماجی کارکن ہیں، وہ اپنی صاف گوئی کے لیے جانی جاتی ہیں اور جو بات دل میں ہو، بلا جھجھک کہہ دیتی ہیں، اگر انہیں محسوس ہو کہ کہیں کچھ غلط ہو رہا ہے تو وہ اپنے ہی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد ہوں یا سیاستدان، کسی پر بھی تنقید کرنے سے گریز نہیں کرتیں۔
مشی خان نے انسٹاگرام پر ہانیہ عامر کی چند تصاویر شیئر کیں جن میں وہ ایک خاص انداز میں ہاتھ کا اشارہ کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
اشاروں کی زبان میں یہ اشارہ مبینہ طور پر ’آئی لو یو‘ (میں تم سے محبت کرتا/کرتی ہوں) کے لیے استعمال ہوتا ہے اور اسی وجہ سے ہانیہ اس انداز میں پوز دیتی ہیں، تاہم مشی خان کا مؤقف ہے کہ یہ علامت مبینہ طور پر ’ایلومیناٹی‘ نشان ہے اور ہانیہ عامر متعدد بار اسی انداز میں تصاویر بنوا چکی ہیں۔
اس معاملے پر سوشل میڈیا صارفین کا ملا جلا رجحان سامنے آ رہا ہے، بعض صارفین مشی خان کی بات سے اتفاق کر رہے ہیں جبکہ بیشتر صارفین ہانیہ عامر کے حق میں سامنے آئے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا ہے کہ یہ بڑی عمر کی خواتین ہانیہ کے پیچھے کیوں پڑی ہوئی ہیں؟ ایک اور صارف نے لکھا ہے کہ آپ کو اشاروں کی زبان سیکھنی چاہیے، اس کا مطلب ’آئی لو یو‘ ہے۔