سپارکو نے پاکستان کے ہیومن اسپیس فلائٹ پروگرام میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق خلاء بازوں کے انتخاب کے دوسرے مرحلے کی کامیاب تکمیل ہو گئی، ابتدائی اسکریننگ کے بعد 2 امیدوار شارٹ لسٹ کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شارٹ لسٹ کیے گئے 2 پاکستانی امیدواروں کے چین میں جامع طبی اور نفسیاتی ٹیسٹ مکمل ہو گئے، شارٹ لسٹ کیے گئے امیدوار چائنا آسٹروناٹس سینٹر میں خلاء بازی کی تربیت حاصل کریں گے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ٹریننگ کے بعد ایک امیدوار کو اکتوبر اور دوسرے کو نومبر میں خلائی مشن کے لیے منتخب کیا جائے گا، پاکستان اور چین کے درمیان فروری 2025ء میں دو طرفہ ’خلاء باز تعاون معاہدے‘ پر دستخط ہوئے تھے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کا کہنا ہے کہ دو طرفہ معاہدہ وزیرِ اعظم پاکستان کی قیادت میں طے پایا تھا، وزیرِاعظم کے وژن اور معاونت نے پاکستان کی انسانی خلائی پرواز میں شمولیت کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا ہے کہ چین نے اپنے خلاء باز پروگرام میں پاکستان کو پہلا غیر ملکی شراکت دار منتخب کیا، یہ تاریخی اقدام چین کی حکومت کی مضبوط حمایت کا مظہر ہے۔