ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے منجمد اثاثے استعمال کرنے کے بیان پر سخت ردِعمل دیا ہے۔
عباس عراقچی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر اپنے بیان میں خبردار کیا ہے کہ کسی دوسرے ملک کے اثاثے ضبط کر کے انہیں غیر متعلقہ مستقبل کے دعوؤں کی ادائیگی کے لیے استعمال کرنا ایک اشتعال انگیز مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ ایسے فنڈز سے فائدہ اٹھانے یا اس پر خوش ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ اگر حکومتیں دوسرے ممالک کے اثاثے ضبط کرنے کو معمول بنا لیں تو پھر کسی بھی ملک کے اثاثے محفوظ نہیں رہیں گے، اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والا انتشار نہ خوش گوار ہو گا اور نہ ہی پُرامن۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا اپنی تحویل میں موجود ایران کے منجمد فنڈز کو بحری جہازوں، ان کے مال بردار سامان اور متعلقہ نقصانات کے ازالے کے لیے استعمال کرنا شروع کرے گا۔