وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں کامیابی نے لوگوں کا ذہن بدل دیا، فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کے دلیرانہ فیصلوں نے دشمن کو شکست دی۔
پشاور میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز ملک کی خاطر قربانیاں دے رہی ہیں، خیبر پختونخوا کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے لوگ امن اور روزگار چاہتے ہیں، ان لوگوں کا بیانیہ دفن ہوچکا ہے، 8 فروری کی ہڑتال پر کسی نے کان نہیں دھرا۔
وفاقی وزیر امیر مقام کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف سب کو ایک بات کرنا ہوگی اور ایک پیج پر آنا ہوگا، اپنے اداروں کو بدنام کرنے سے ملک کی خدمت نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات ہوں یا دہشت گردی ختم کرنا ہو، ہم فوج سے مدد لیتے ہیں، ہماری قوم والا جذبہ بھارت کہاں سے لا سکتا ہے؟
امیر مقام نے کہا کہ پشاور کے لوگوں نے آج جعلی بیانیہ کے جنازہ نکال دیا ہے، عوام کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کی خوشحالی نواز شریف اور شہباز شریف کا ایجنڈا ہے، ایک بار پھر پشاور کو مسلم لیگ کا گڑھ بنائیں گے، خیبر پختونخوا ملک کا اہم حصہ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔