اسلام آباد (محمد صالح ظافر۔ خصوصی تجزیہ نگار) تحریک انصاف نے یوم احتجاج سے ایک روز قبل ہی ہتھیار ڈال دیئے، شٹرڈاون پہیہ جام،اسٹریٹ موومنٹ کیلئے کسی نے ذمہ داری قبول کی نہ کسی کو مقرر کیا گیا ، سہیل آفریدی نے پنجاب میں یوم احتجاج کی قیادت کے لئے لاہور جانے کا ارادہ ترک کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے اپنے یوم احتجاج سے ایک روز قبل ہفتے کے روز اس وقت ہتھیار ڈال دیئے ، آج شٹر ڈائون، پہیہ جام اور اسٹریٹ موومنٹ کے لئے کسی بھی علاقے یا صوبے کے لئے کسی ذمہ داری کا تعین نہیں کرسکی اور کوئی عہدیدار اس حوالے سے قیادت یا کارکنوں کی رہنمائی کے لئے سامنے نہیں آیا۔ حد درجہ قابل اعتماد ذرائع نے جنگ /دی نیوز کو ہفتے کی شام بتایا ہے کہ خیبرپختونخوا جہاں تحریک انصاف کی حکومت کا چودھواں سال چل رہا ہے عوام نے یوم احتجاج میں عدم دلچسپی ظاہر کردی ہے۔