• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کی طارق رحمٰن کو بنگلادیش کے عام انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

صدرِ مملکت آصف زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے رہنما طارق رحمٰن کو بنگلادیش کے عام انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے بنگلادیش کے عوام کو 299 نشستوں پر انتخابات کے کامیاب انعقاد پر بھی مبارکباد دی ہے۔

اُنہوں نے کہا ہے کہ نئی بنگلادیشی حکومت کے ساتھ تجارت، دفاع، ثقافت اور علاقائی فورمز میں تعاون کےخواہاں ہے، بنگلادیش میں انتخابات جنوبی ایشیاء کے لیے ماضی کے مراحل سے آگے بڑھنے کا ایک موقع ہے۔

صدرِ پاکستان نے کہا ہے کہ ڈھاکا کا نیا سیاسی ماحول خطے میں متوازن، آزاد اور باہمی احترام پر مبنی روابط کو فروغ دے گا۔

اُنہوں نے بنگلادیش کے مسلسل استحکام، ترقی اور خوش حالی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے انتخابات میں کامیابی پر طارق رحمٰن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلادیش کی نئی قیادت کے ساتھ مل کر تاریخی، برادرانہ اور کثیرالجہتی دو طرفہ تعلقات کے خواہاں ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان بہتر تعلقات کے ثمرات عوام کو حاصل ہوں گے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون کے ذریعے جنوبی ایشیاء میں امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف پر کام کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید