کراچی کے علاقے مشرف کالونی میں گھر میں فائرنگ سے خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوگئی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا لگتا ہے، جاں بحق افراد میں میاں، بیوی اور بیٹا شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والی لڑکی گھر میں مہمان آئی ہوئی تھی۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں، فائرنگ کاواقعہ صبح تقریباً ساڑھے 6 بجے پیش آیا۔
پولیس کے مطابق مقتول عابد ڈرائیور اور مانسہرہ کا رہنے والا تھا، واقعے میں مقتول کی سالی زخمی ہوئی، زخمی خاتون کے مطابق عابد کے ہم زلف نے حملہ کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول عابد نے اپنی ایک بیٹی ملزم دانش کو گود دی تھی اور بیٹی کے معاملے پر عابد اور دانش کے درمیان تنازع تھا، ملزم دانش رات تین بجے عابد کے گھر آیا تھا، ملزم کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ صبح سویرے پیش آیا، واردات کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔