• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پی این ای، پی بی اے اور ایمینڈ کا صحافی کے اغوا پر اظہار تشویش

کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز، پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن اور ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز ’’ایمینڈ‘‘ نے ٹی وی چینل سے وابستہ صحافی خرم اقبال کے مبینہ اغوا کی مذمت کی ہے اور ان کی فوری اور محفوظ بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔ 

بیان میں کہا گیا کہ خرم اقبال کے خاندانی ذرائع کے مطابق انہیں لاہور میں ان کی ہمشیرہ کے گھر سے اٹھایا گیا ہے۔ 

سی پی این ای کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ صحافی خرم کی بازیابی اور ان کا تحفظ سب سے اہم ہے۔ 

پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم نیوز سے وابستہ صحافی خرم اقبال کی بغیر قانونی کارروائی حراست میں لینے کی مذمت کرتے ہیں۔ 

ایمینڈ نے کہا کہ خرم اقبال کے مبینہ اغوا کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے اب تک خاموشی اختیار کی گئی ہے۔ اس صورتِ حال نے اہلِ خانہ کو شدید اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے اور مجموعی طور پر صحافی برادری میں بھی گہری تشویش پائی جاتی ہے۔ 

سی پی این ای، پی بی اے اور ایمینڈ نے کہا ہے کہ ملک میں صحافیوں کو ہراساں کرنے، جھوٹے مقدمات قائم کرنے اور اظہارِ رائے کی آزادی کو سلب کرنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جو نہایت پریشان کن اور خطرناک رجحان ہے۔ ایسے اقدامات نہ صرف آئین میں دی گئی بنیادی آزادیوں کے منافی ہیں بلکہ جمہوری اقدار اور آزاد صحافت کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔

قومی خبریں سے مزید