کراچی ( اسٹاف رپورٹر)جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دوبارہ تعمیر کئے گئے نئے مین رن وے کا افتتاح ، کوڈ 4F کے حامل اس رن وے پر A380طیارے بھی لینڈ کرسکیں گے ، تفصیلات کے مطابق ہفتہ کوجناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ازسرنو تعمیر شدہ رن وے 07L/25R کا باقاعدہ افتتاح سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر)محمد علی نے کیا جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری دفاع میجر جنرل قیصر سلیمان نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ایئر وائس مارشل ذیشان سعید، ڈائریکٹر جنرل پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نادر شفیع ڈار، ڈپٹی ڈی جی (ورکس اینڈ ڈیولپمنٹ)سمیر سعید، پراجیکٹ ڈائریکٹر حافظ زاہد اسحاق، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ، ائیرپورٹ مینیجر عدنان خان اور دیگر اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔کوڈ 4F کا حامل یہ رن وے مکمل طور پر A380 طیاروں کے لیے تیار ہے اور بین الاقوامی شہری ہوابازی کی تنظیم اینکس 14 کے مطابق 18 ماہ میں بغیر کسی تاخیر، اضافی لاگت، کلیم یا حادثے کے مکمل کیا گیا۔