• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کی چوہدری شوگر ملز میں جمع گارنٹی کی رقم واپسی کیلئے درخواست کا تحریری فیصلہ

فائل فوٹو۔
فائل فوٹو۔

لاہور ہائی کورٹ نے مریم نواز کی چوہدری شوگر ملز میں بطور گارنٹی جمع کرائی گئی رقم کی واپسی کیلئے دائر درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ 

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ نے فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے نیب کو ایک ہفتے میں انویسٹی گیشن بند کرنے کے لیے احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔ 

فیصلہ کے مطابق نیب ایک ہفتے کے اندر کیس بند کرنے کا ریفرنس احتساب عدالت لاہور میں دائر کرے۔ فیصلے میں مزید کہا گیا کہ احتساب عدالت ایک ماہ میں ریفرنس پر فیصلہ کرے گی۔ 

لاہور ہائی کورٹ کے فیصلہ میں کہا گیا کہ درخواست گزار نے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو بطور جمع کرائی گئی7 کروڑ رقم واپسی کی استدعا کی۔ 

اس میں مزید کہا گیا نیب رپورٹ کے مطابق 2020 میں مریم نواز کے خلاف انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کیا گیا، تفتیش مکمل ہونے پر بتایا گیا کہ کیس میں کہیں کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ 

فیصلے میں کہا گیا تفتیشی افسر نے نیب ترمیمی ایکٹ کے تحت کیس کلوز کرکے تفتیش بند کر دی، نیب ترمیمی ایکٹ تفتیش بند کرنے کی رپورٹ متعلقہ عدالت میں دائر کرنے سے نہیں روکتا۔ 

تحریری فیصلے میں کہا گیا سپریم کورٹ کے مطابق چیئرمین نیب خود سے عدالتی اختیار استعمال کرتے ہوئے انویسٹی گیشن بند نہیں کرسکتے، یہ اختیار صرف عدالتوں کے پاس ہے۔ 

فیصلے کے مطابق نیب ترمیمی ایکٹ میں واضح لکھا ہے کہ انویسٹی گیشن بند کرنے یا واپس لینے کے لیےمتعلقہ کورٹ سے رجوع کرنا ہوگا۔ 

اس میں مزید کہا گیا کہ نیب کے بیان کے بعد ضروری ہے کہ کیس بند کرنے کےلیے احتساب عدالت سے رجوع کیا جائے، عدالت نے متعدد ہدایات کے ساتھ درخواست نمٹا دی۔

قومی خبریں سے مزید