افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے پاکستان کےخلاف دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین کے استعمال پر ڈی مارش جاری کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 16 فروری کو باجوڑ میں دہشت گرد حملے پر افغان حکومت کو احتجاجی مراسلہ دیا گیا، پاکستان نے ٹی ٹی پی کی قیادت کی افغانستان میں موجودگی پر اظہار تشویش کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق افغان عبوری حکومت کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان فتنہ الخوارج اور سہولت کاروں کیخلاف کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے، افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین سے سرگرم تمام دہشت گرد گروہوں کیخلاف ٹھوس اقدامات یقینی بنائے۔
خیال رہے کہ 16 فروری کو باجوڑ میں دہشت گرد حملے میں 11 پاکستانی فوجی جوان شہید ہوئے تھے۔