وزیر اعظم شہباز شریف نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر جامع اور موثر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد میں وزیر اعظم کی زیر صدارت ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام سیکیورٹی ادارے موجودہ صورتحال کے پیش نظر الرٹ ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر شہباز شریف نے ایران میں موجود پاکستانیوں کو بخیریت وطن واپس لانے کےلیے تمام تر اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پاکستانیوں کو آذر بائیجان کے ذریعے بحفاظت پاکستان لایا جائے، وزارت خارجہ برادر ملک کی حکومت سے فوری رابطہ کرے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عوام اور مسلح افواج ملک کی سلامتی، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر دم تیار ہیں، فیلڈ مارشل کی زیر قیادت افواجِ پاکستان بہترین انداز میں اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر جامع اور مؤثر حفاظتی اقدامات فوری یقینی بنائے جائیں۔