امیر علی بروہی، سکھر
کتب خانہ (لائبریری) علم و حکمت کا گنجینہ اور کسی بھی قوم کی علمی، تہذیبی اور فکری ترقی کا پیمانہ ہوتا ہے، جو طلبہ، محقّقین اور قارئین کو معلومات تک رسائی دے کر معاشرے میں مثبت تبدیلی اور شعور بے دار کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
یہاں رکھی کتابیں انسان کو جہالت کی تاریکیوں سے نکال کے عِلم و آگہی کی طرف لے جاتی ہیں اور معاشرے میں امن، دوستی اور تخلیقی و تعمیری سرگرمیوں کو فروغ دیتی ہیں، جب کہ موجودہ دَور میں لائبریریز نہ صرف کتابیں، بلکہ کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور ای۔کتب کے ذریعے ڈیجیٹل معلومات تک رسائی بھی فراہم کررہی ہیں۔ مختصراً، لائبریری ایک زندہ معاشرے کی پہچان ہے، جو علمی پیاس بجھانے کے ساتھ ساتھ فرد کی ذہنی اور اخلاقی تربیت بھی کرتی ہے۔
محکمہ ثقافت، سندھ کی صوبے بھر میں قائم کردہ 42لائبریریز میں سے ایک، رحیم داد خان مولائی شیدائی پبلک لائبریری کا شمار سکھر کی بہترین لائبریریز میں ہوتاہے۔ مینارہ روڈ پر واقع اس لائبریری کا افتتاح 20مئی 2019ء کو اُس وقت کے ڈائریکٹر ثقافت سندھ، اعجاز احمد شیخ نے کیا۔ سکھر کی یہ لائبریری سندھی زبان کے نام وَر مؤرخ، صحافی اور مترجم، رحیم داد خان مولائی شیدائی سے منسوب ہے، جو ریلوے میں گارڈ تھے، لیکن انہیں علم وادب سے بے حد لگاؤ تھا۔
انھوں نے سندھ اور بلوچستان کی تاریخ ہی نہیں لکھی، دیگر کئی کتب کے بھی مصنّف تھے۔ اُن کی تصانیف میں جنّت السندھ، تاریخ تمدن سندھ، مختصر تاریخ بلوچستان، سندھ کے پرانے شہر بھکّر کے مسلمان ہندو بزرگ، تاریخِ سکھر، تالپروں کی مختصر تاریخ، سندھ کی اقتصادی اور تجارتی تاریخ، موسویوں کی تاریخ، تاریخِ خاصخیلی، سرزمینِ بلوچ، بلوچستان میں مہدوی تحریک، سرزمینِ بلوچ، سندھ میں سیاست اور تاریخِ قلات وغیرہ شامل ہیں۔
رحیم داد خان مولائی شیدائی پبلک لائبریری، سکھر میں ادب، تاریخ، سائنس، مذہب، سماجیات، فنونِ لطیفہ اور کمپیوٹر ٹیکنالوجی سمیت مختلف زبانوں میں لاتعداد کتب موجود ہیں۔ لائبریری میں روزانہ20 اخبارات (انگریزی، اردو، اور سندھی) کے علاوہ متعدد ادبی و تعلیمی رسائل و جرائد باقاعدگی سے آتے ہیں۔ لائبریری میں تین بڑے ہالز ہیں، جن میں انٹرنیٹ اور وائی فائی کی سہولت مفت فراہم کی گئی ہے۔
یہاں سے ہر روز سیکڑوں طلبہ، محقّقین، یونی ورسٹی کے ریسرچ اسکالرز خصوصاً ایم اے، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے اسکالرز اپنے پیپرز کی تیاری کے سلسلے میں مختلف کتب سے مواد حاصل کرتے ہیں۔
مختصر یہ کہ آج کے سوشل میڈیا کے دَور میں جہاں کئی دیگر روایتی لائبریریز علم و تحقیق کی فراہمی کے مراکز ہیں، وہیں رحیم داد خان مولائی شیدائی پبلک لائبریری بھی نہ صرف مستند علم و تحقیق کے مآخذ بلکہ سکھر اور قرب و جوار کے لوگوں کے لیے اہم کمیونٹی مرکز کے طور پر بھی فعال کردار ادا کررہی ہے۔