مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی معروف کمپنی اینتھروپک کے حصص کی اسٹاک مارکیٹ میں فروخت کے آغاز نے کمپنی کے بیشتر ملازمین کو راتوں رات کروڑ پتی بنا دیا، جبکہ سیکڑوں ملازمین کی دولت 10 کروڑ ڈالر سے بھی تجاوز کرگئی۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق رواں سال ستمبر تک اینتھروپک کے ملازمین کی تعداد 5 ہزار 300 تھی۔ کمپنی نے 19 نومبر 2026 کو ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کے تحت اپنے حصص کی قیمت 83 ڈالر فی شیئر مقرر کی، جس کے بعد ملازمین کے پاس موجود حصص کی مالیت میں نمایاں اضافہ ہوا۔
نجی کمپنیوں کے حصص کی مالیت کا تخمینہ لگانے والے ادارے ہِل کے اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 600 ملازمین ایسے ہیں جن کے حصص کی مالیت 10 کروڑ ڈالر سے زیادہ ہوگئی ہے، یوں وہ کروڑ پتی افراد کی انتہائی امیر ترین فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق کمپنی کے تقریباً 2 ہزار 800 ملازمین کے حصص کی مالیت ایک کروڑ ڈالر سے زیادہ ہے، جبکہ تقریباً 5 ہزار 100 ملازمین، یعنی مجموعی عملے کے 96 فیصد کے پاس 10 لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کے حصص موجود ہیں۔
ہِل کے بانی اور چیف ایگزیکٹو اینڈریو بینسن کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت میں سب سے زیادہ حیران کن بات یہ ہے کہ یہ سب کچھ انتہائی تیزی سے ہوا۔
ان کے مطابق اینتھروپک میں ملازمین کی ملازمت چھوڑنے کی شرح انتہائی کم رہی، کیونکہ لوگوں کو اندازہ تھا کہ کمپنی تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور اسے چھوڑنے کی صورت میں وہ ایک بڑے مالی موقع سے محروم ہوسکتے ہیں۔
عام طور پر سلیکان ویلی کی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں ملازمین کو تنخواہ کے ساتھ کمپنی کے حصص بھی دیے جاتے ہیں۔ اس کا مقصد ملازمین کو کمپنی کی ترقی میں حصہ دار بنانا اور مستقبل میں کمپنی کی فروخت یا آئی پی او کے ذریعے مالی فائدہ پہنچانا ہوتا ہے۔
تاہم اینتھروپک نے جس رفتار سے ترقی کی، وہ غیر معمولی ہے۔ 2021 میں قائم ہونے والی اس کمپنی کے ملازمین کی تعداد 2024 کے اختتام تک ایک ہزار سے بھی کم تھی، جو ستمبر 2026 تک بڑھ کر 5 ہزار 300 ہوگئی۔
اینڈریو بینسن کے مطابق کمپنی میں ملازمت کے آغاز کا وقت عہدے سے زیادہ اہم ثابت ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ملازمین 2023 یا 2024 میں نسبتاً ابتدائی مرحلے پر کمپنی کا حصہ بنے، انہیں اس سال کے آغاز میں شامل ہونے والے اعلیٰ عہدوں کے ملازمین کے مقابلے میں بھی زیادہ مالی فائدہ پہنچنے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں امریکی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کی مثال بھی دی گئی ہے، جس نے جون میں اسٹاک مارکیٹ میں حصص کی فروخت شروع کرنے سے قبل دو دہائیوں سے زیادہ عرصہ نجی کمپنی کے طور پر کام کیا تھا۔ اس کے آئی پی او سے تقریباً 4 ہزار 400 ملازمین کروڑ پتی بنے تھے، جبکہ اس وقت کمپنی کے ملازمین کی تعداد 22 ہزار تھی۔
اینتھروپک کا آئی پی او اس حوالے سے بھی منفرد رہا کہ کمپنی کے بانیوں کے علاوہ دیگر اندرونی سرمایہ کاروں اور ملازمین کو پہلے ہی دن اپنے شیئرز فروخت کرنے کا موقع دیا گیا۔
عام طور پر آئی پی او کے بعد ملازمین کو تین سے چھ ماہ تک حصص فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوتی، جسے لاک اَپ پیریڈ کہا جاتا ہے۔ تاہم اینتھروپک نے شیئرز کی فروخت کے لیے مرحلہ وار نظام متعارف کروایا، جس کے تحت اندرونی سرمایہ کار اور ملازمین پہلے ہی روز اپنے شیئرز کا 10 فیصد تک فروخت کرسکتے تھے۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ کتنے ملازمین نے اس سہولت سے فائدہ اٹھایا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ کمپنی کے آئی پی او کے اثرات سان فرانسسکو کی معیشت پر بھی مرتب ہونے کا امکان ہے، جہاں اینتھروپک کے ملازمین کی بڑی تعداد مقیم ہے۔
رپورٹ کے مطابق نئے کروڑ پتیوں کی بڑی تعداد سے شہر کی پہلے ہی مہنگی رہائشی مارکیٹ پر مزید دباؤ پڑ سکتا ہے۔ اکتوبر میں سان فرانسسکو میں ایک گھر کی اوسط فروخت قیمت 17 لاکھ ڈالر رہی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں تقریباً 19 فیصد زیادہ ہے۔
اس کے برعکس امریکا بھر میں گھروں کی اوسط قیمت تقریباً مستحکم رہی اور 4 لاکھ 16 ہزار 700 ڈالر کے لگ بھگ ریکارڈ کی گئی۔