مرتّب: طلعت عمران
عیدالفطر کے موقعے پر حسبِ روایت، آپ کو اپنے پیاروں کے نام پیغامات بھیجنے کا سندیسہ دیا، تو آپ کی جانب سے بھی ہمیشہ کی طرح کچھ کھٹے میٹھے اور کچھ تیکھے الفاظ میں گُندھے دِلی جذبات و احساسات پر مبنی ڈھیروں ڈھیر پیغامات وصول ہوئے، تو لیجیے، آج ملاحظہ فرمائیے، اپنے پیاروں کے نام پیغامات کا پہلا حصّہ۔
(پیارے امّی، ابّو کے نام)
ماں باپ اللہ تعالیٰ کی سب سے بڑی نعمت ہیں۔ جن کے ماں باپ حیات ہیں، وہ اُن کی قدر کریں، اُن کے ساتھ وقت گزاریں اور اُن کی خدمت کو باعثِ سعادت سمجھیں۔ عید الفطر کے موقعے پر ہماری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے امّی ابو کو صحت، طویل عُمر اور خوشیوں بَھری زندگی عطا فرمائے اور اُن کا سایہ ہمارے سَروں پر تادیر قائم رکھے۔ (ایمان کامران اور عبدالرحمٰن خان، مرشد ٹائون، راول پنڈی کی جانب سے)
(پیاروں کے لیے)
ہماری جانب سےحیدرآباد میں مقیم ہمارے پیارے ماموں ثاقب حسین قریشی اور پیاری ممانی سمیت وحید انکل، جاوید انکل اور تمام خالاؤں کو عید الفطر کی خوشیاں بہت مبارک ہوں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو سدا خوش رکھے۔ (محمّد ولید اینڈسنز، اورنگی ٹاؤن، کراچی سے)
(تمام بزرگوں کی خدمت میں)
بے شک، کسی بھی گھر یا خاندان میں بزرگوں کی موجودگی باعثِ رحمت ہوتی ہے اور اُن کی معیت میں تحفّظ وعافیت کا احساس ہوتا ہے۔ ہماری طرف سے تمام بزرگوں کومیٹھی عید کی خوشیاں بہت بہت مبارک ہوں۔ (زینب، فاطمہ، مناہل، وانیہ اور مریم، کراچی کا پیغام)
(پیاری امّی اور نانی جان کے نام)
ہماری طرف سے پیاری امّی اور نانی جان کو میٹھی میٹھی عیدالفطر مبارک ہو۔ اللہ تعالیٰ آپ کا سایہ ہمارے سَروں پر تادیر قائم رکھے۔ (عائزہ، فاطمہ اور سمیع خان، حیدر آباد سے)
(دیارِغیر میں مُقیم رفیقِ حیات کے لیے)
دیارِغیر میں مُقیم میرے رفیقِ حیات، سیّد محمّد نبیل کو عیدالفطر کی خوشیاں مبارک ہوں۔ اللہ تعالیٰ آپ کوسلامت رکھے۔ دلی دُعا ہے کہ اگلی عید ہم سب ایک ساتھ منائیں۔ (نیلم نبیل، نارتھ ناظم آباد، کراچی کی نیک تمنّائیں)
(پیاروں کے نام)
میری طرف سے یعسوب، رمشا، علی، مسلم، فہد محبوب اور شان کی ناشیکا کو عید کی ڈھیروں مبارک باد۔ (ڈاکٹر سبطِ شبّر زیدی کا پیغام )
(اہلِ پاکستان کے لیے)
عید اللہ تعالیٰ کی طرف سے تمام مسلمانوں کے لیے اَن مول تحفہ ہے۔ عید الفطر کے موقعے پر تمام اہلِ پاکستان کے لیے میرا پیغام ہے کہ آئیں ہم سب تمام گلے شکوے دُور کر کے عید کی خوشیاں دوبالا کریں۔ (بلال ناظم، کراچی کی جانب سے)
(رشتے داروں، دوستوں اور خیر خواہوں کے نام )
عیدالفطر کے پُرمسرّت موقعے پر پاکستان میں موجود رشتے داروں، دوست احباب اور خیر خواہوں کو ہم سمندر پار رہنے والوں کی طرف سے ڈھیروں ڈھیر مبارک باد۔ دِلی دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو ہر دَم خوش وخرّم رکھے۔ پاکستان کو خوش حالی عطا فرمائے اور دُنیا میں امن و امان قائم ہو۔ (قاسم عبّاس، ٹورانٹو، کینیڈا کا پیغام)
(بےگناہ قیدیوں کے لیے)
بےگناہی کے باوجود قید و بندکی صعوبتیں جھیلنے والے افراد کو میری طرف سے عید الفطر کی خوشیاں مبارک ہوں۔ (نبیل اختر، محلّہ راجا سلطان، راول پنڈی کا جذبۂ ہم دردی)
(پاکستانیوں کے لیے)
دُعا ہے کہ اِس بار تمام اہلیانِ پاکستان کو سمندر کی گہرائیوں، آسمان کی وسعتوں سے زیادہ عیدالفطر کی خوشیاں نصیب ہوں۔ (ثناء اختر، راول پنڈی کا پیغام)
(پیارے پاپا عمران خالد خان کے لیے)
پیارے پاپا! آپ کو میری طرف سے عید کی ڈھیروں مبارک باد۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ہر سال ایسی خوشیاں دیکھنا نصیب فرمائے۔(آمین) (ماہم عمران، گلستانِ جوہر، کراچی کا اپنے والد سے پیار)
(والدہ ماجدہ کی خدمت میں)
اللہ کے فضل و کرم سے آپ نے پیرانہ سالی کے باوجود سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے جس طرح نماز، روزے، ذکر اذکار اور قیام اللّیل کی پابندی کی، تو عیدِ سعید کے پُر مسرّت موقعے پر مَیں آپ کو قلبی و روحانی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ (ڈاکٹر ادیب عبدالغنی شکیل، قدیر آباد، ملتان کی طرف سے)
(پیاروں کے نام)
میٹھی عید کے موقعے پرمیری دُعا ہےکہ میرے تمام پیاروں کی زندگی ہمیشہ خوشیوں، محبّتوں اور راحت و سُکون سے بھری رہے۔ آپ کے گھروں میں برکتیں نازل ہوں، دلوں میں اپنائیت قائم رہے۔ ہر آنے والا دن آپ کے لیے آسانیاں اور کام یابیاں لے کر آئے۔ میری طرف سے آپ سب کو دل کی گہرائیوں سے عید مبارک۔ (کلیم الٰہی، کراچی کی جانب سے)
(پوتوں، پوتیوں اور نواسوں کے نام)
؎ تجھے لذتوں کی سحر ملے…تجھے آئنوں کا سفر ملے… کوئی گردِ غم بھی نہ پڑ سکے… کہیں اِس طرح تو چُھپا رہے…مِرا لفظ لفظ دُعا دُعا…مِرے آنسوؤں سے دُھلا ہوا…تُجھے لذّتوں کی سحر ملے…تُجھے آئنوں کا سفر ملے۔ (نانی جان اور دادی جان ، حیدرآباد کی جانب سے)
( اہلِ پاکستان کے لیے )
تمام پاکستانیوں کو میری جانب سے بہت بہت عید مبارک۔ دُعا ہے کہ یہ عید تمام لوگوں کے لیے صحت یابی اور خوشیوں کا پیغام لے کر آئے اور دُنیا میں امن و سلامتی قائم ہو۔ (محمد اقبال شاکر، میاں والی کا سندیسہ )
(اہلِ اسلام کے لیے)
پروردگارِ عالم سے دُعا ہے کہ یہ عید اہلِ اسلام کے لیے دائمی خوشیاں، امن اور خوش حالی لے کرآئے اور اُمّتِ مسلمہ اپنے تمام تر اختلافات کو بالائے طاق رکھ کرعالمِ کُفر کےخلاف متّحد ہوجائے۔ (عبد الماجد، پشاور روڈ، راول پنڈی کینٹ کی طرف سے)
(زوجہ کے نام)
میری جانب سے میری زوجۂ محترمہ خالدہ پروین کو دلی عید مبارک قبول ہو۔ (محمد سلیم چوہدری کی جانب سے)
(پیاروں کے لیے)
میری طرف سے مصوّر ابتسام، صارم ابتسام، سائم ابتسام اور حنیا گُل کو عیدالفطر کی ڈھیروں مبارک باد۔ دُعا ہے کہ یہ بابرکت دن ان سب کی زندگی میں خوشیاں، محبّتیں اور کام یابیاں لے کر آئے۔ (مبشّر ابتسام، الٰہ آباد، راول پنڈی کی جانب سے)
(دوستوں کے نام)
میری طرف سے میرے تمام دوستوں عبدالواجد، عبدالماجد، مبشّر ابتسام، مزمّل عبّاس، محمّد علی عتیق، محمد فیضان قیصر، عبدالرحمٰن، محمد حارث بلال، عبداللہ مجید، شعیب اظہر، عبدالعظیم، عبدالوہاب راجپوت، زہیب ندیم، محمد بلال اقبال، محمد بلال، محمد شاہ زیب، محمد اطہر حمید، محمد حارث ملک، معیزاحمد، محمدجنید، روحان ندیم، عرفان سرور، ریحان شکیل، زین احمد اور جواد مسعود کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے عید کی مبارک باد قبول ہو۔ (عبدالہادی عاطف، فوجی طبّی درس گاہ ہاسٹل، راول پنڈی)
(اہلِ اسلام کے لیے)
تمام مسلمانوں کو میری طرف سے عید الفطر کی خوشیاں بہت بہت مبارک ہوں۔ اس وقت اہل اسلام حالتِ جنگ میں ہیں اور میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے مسلمانوں بھائیوں کی کفار کے مقابلے میں مدد و نصرت فرمائے۔ (معصومہ قریشی، حیدرآباد کا پیغام)
(اُمّتِ مسلمہ کے نام)
آج اُمّتِ مسلمہ کو اتحاد کی جتنی ضرورت ہے، اس سے پہلے شاید کبھی نہیں رہی۔ اگر دُنیا بَھر کے مسلمان ایک بند مُٹّھی کی مانند ہوجائیں، تو دشمنانِ اسلام اِن کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ میری طرف سے اہلِ وطن اور تمام مسلمانوں کو دِلی عید مبارک۔ (شہلا خرّم کی طرف سے)
(پیاری بیٹی نورالعین کے لیے)
پیاری بیٹی نورالعین! تم بلاشُبہ ہماری آنکھوں کا نور اور دِل کا سرود ہو- 40 سال میں پہلی بار ہم خوشی و انبساط کے اس موقعے پر تمہیں بہت مِس کریں گے۔ عیدالفطر کےموقعے پر ہم بارگاہِ ربّ العالمین میں دست بہ دُعا ہیں کہ وہ دیارِ غیر میں عیدِسعید کی بےپناہ خوشیوں سے تمہارا اور ہمارے نواسوں کا دامن بھر دے- آمین۔ (قاضی جمشید عالم صدیقی، علامہ اقبال ٹاؤن، لاہورکی جانب سے)
(محمود میاں نجمی کے نام)
میاں جی! ماشاء اللہ۔ جنگ، سن ڈے میگزین کی کوکھ سے جنم لینے والی تمہاری تحریروں نے نہ صرف ’’اخبارِ جہاں‘‘ کے حُسن میں اضافہ کیا، بلکہ سن ڈے میگزین کا تمہارا مقبول و معروف سلسلہ، ’’قصص القرآن‘‘ درسِ قرآن ڈاٹ کام کے پلیٹ فارم سے ہوا کے دوش پر رواں دواں دُنیا کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک خوب پذیرائی حاصل کر رہا ہے۔ میری طرف سے تمہیں عید الفطر بہت بہت مبارک ہو۔ (پروفیسر سیّد منصور علی خان کا خراجِ تحسین)
(پاکستان کے لیے)
میرے پیارے وطن پاکستان! اس عید پر میرا تیرے لیے پیغام ہے کہ اللہ تعالیٰ تجھے دشمنوں سے محفوظ رکھے۔ تیری حفاظت فرمائے اور تو قائم و دائم رہے۔ آمین۔ (پرنس افضل شاہین، بہاول نگر کا جذبۂ حب الوطنی)
(ڈی جی نیپا، ڈاکٹر سیّد سیف الرحمٰن کی خدمت میں)
فلک کو چُھوتے حوصلے کے مالک، جواں ہمّت، انتہائی مستعد و محنتی، جذبۂ انسانیت سے لب ریز انسان، ڈاکٹر سیّد سیف الرحمٰن کو دل کی گہرائیوں سے عید کی مبارک باد قبول ہو کہ وہ اپنے حسین خیالات سے ماحول حسین بنا رہے ہیں۔ اپنےعمل سے ذہنوں کو روشنی، رُوحوں کو آسودگی، دِلوں کو حرارت بخشتے ہیں۔ (ضیاء الحق قائم خانی، جھڈو کی جانب سے)
(مرحوم والدین کے نام)
عیدالفطر کے بابرکت موقعے پر ہم سب بہن بھائیوں کی دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے مرحوم والدین کے تمام صغیرہ و کبیرہ گناہ معاف فرما کے اُنہیں جنّت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ (عبدالجبّار خان بن عبدالعزیز خان، نارتھ ناظم آباد، کراچی کی طرف سے)
(پیاری سلمیٰ آپا مرحومہ کے نام)
ہماری سب سے بڑی ہم شیرہ اور ہمارے خاندان کی شان سلمیٰ آپا طویل علالت کے بعد 16 جنوری 2026ء کو ہم سب کو روتا چھوڑ کر میرپورخاص میں اس جہانِ فانی سے کُوچ کر گئیں، تو اِس عیدالفطر کے موقعے پر ہمیں اپنی پیاری سلمیٰ آپا کی بہت یاد ستائے گی۔ اللہ تعالیٰ ہماری آپا مرحومہ کی بخشش ومغرفت فرمائے۔ ؎ بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رُت ہی بدل گئی …اِک شخص سارے شہر کو ویران کر گیا۔ (محمّد سلام معرفت مولوی عبدالرزاق، موذن مدینہ مسجد، بنگالی کالونی، لطیف آباد، حیدرآباد کا پیغام)
(مسلمانوں کے نام)
عید کا دن اللہ تعالیٰ کی خاص رحمتوں اور بخششوں کے علاوہ مسلمانوں کے اتحاد و اتفاق اور مساوات و اخوّت کے عملی مظاہرے کا دن بھی ہے۔ اس لیے اس موقعے پر تمام ذاتی و فروعی اختلافات فراموش کر کے صلح جوئی اور رواداری کی فضا قائم کی جائے۔ علاوہ ازیں، اس روز خاص طور پر مساکین و غربا کی اعانت اور ان سے ہم دردی کا اظہار کیا جائے۔ (چوہدری قمر جہاں علی پوری، ملتان کا سندیسہ)
(پاکستانی قوم کے نام)
عیدالفطر کے اس بابرکت موقعے پر میری دُعا ہےکہ اللہ تعالیٰ پوری امتِ مسلمہ پر اپنی رحمت نازل فرمائے۔ دُنیا بَھر میں بسنے والے تمام مسلمانوں کو امن، صحت اور خوش حالی عطا کرے۔
خاص طور پر ہمارے پیارے مُلک، پاکستان کو ترقّی واستحکام اور دائمی خوش حالی نصیب ہو۔ اللہ تعالیٰ ہمارے وطن کو قائم و دائم رکھے، اِسےامن واتحاد کا گہوارہ اورہمیں ایک دوسرے کے لیے محبت، برداشت اور بھائی چارے کا استعارہ بنائے۔ (عبدالواجد، تحصیل چیچہ وطنی، ضلع ساہی وال کا دُعائیہ پیغام)
(لاڈلی بہن، نادیہ ناز غوری کے نام)
ہم سات بھائیوں کی اکلوتی، لاڈلی بہن، والدین کی آنکھوں کا تارا، انتہائی شفیق پھوپھو، مُخلص استاد، جنگ سنڈے میگزین کی کہنہ مشق، صاحبِ اسلوب اور ہر دل عزیز لکھاری، خداداد صلاحیتوں کی حامل نادیہ ناز غوری، جو 15 اکتوبر 2024ء کو اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملی۔
اُس کے جانے کے بعد ہماری ہر عید بے رونق، یک سر ویران سُونی سُونی ہوگئی ہے کہ عید کی ساری رونقیں تو اُسی کے دَم قدم سے تھیں۔ ہر عید پر سب سے پہلے نادیہ ہی کا محبتّوں بھرا عید مبارک کا پیغام موصول ہوتا، تو عید کی خوشیاں جیسے دوبالا ہوجاتیں اور عید واقعتاً عید لگنے لگتی تھی، جب کہ اب عید کا دن اپنی لاڈلی بہن کو یاد کرتے ہوئے ہی گزرجاتا ہے۔ ہماری آسودۂ خاک بہن کو اُس کے تمام پیارےبہت یاد کرتےہیں۔
بالخصوص بھتیجا، مصامص شمشاد غوری اور بھتیجی، صُحاف شمشاد غوری اُس کے لیے بہت دُعائیں کرتے ہیں۔ میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری لاڈلی بہن کی بشری کوتاہیوں سے درگزر فرما کر اُسے جنّت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین۔ (شمشاد علی غوری، ملیر، کراچی کا جذبات سے معمور پیغام)