• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سر پر بال لگانے کیلئے رقم کی پیشکش ہوئی، میں نے انکار کردیا تھا، انوپم کھیر

بالی ووڈ کے سینئر اداکار انوپم کھیر نے جب 1981 میں فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تو ان کے سر پر بال نہیں تھے، دوسرے لفظوں وہ گنجے تھے اور بہت سے لوگوں نے ان کے اداکار بننے کے خواب پر سوال اٹھائے۔

تاہم بعد میں انہوں نے دل والے دلہنیا لے جائیں گے، ہم آپ کے ہیں کون اور دی کشمیر فائلز جیسی کامیاب فلموں میں کام کرکے اس سوال کا جواب دیا۔ 

دو نیشنل ایوارڈز یافتہ 71 سالہ انوپم کھیر نے بالی ووڈ اور ہالی ووڈ دونوں میں ایک منفرد پہچان بنائی۔ حال ہی میں ایک بھارتی میڈیا ادارے کو انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ سر پر بال لگانے والی کمپنیوں نے انہیں بالوں کی پیوندکاری (ہیئر ٹرانسپلانٹ) کے لیے رقم کی پیشکش کی، لیکن میں نے انکار کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ نوجوانوں کو اپنا دوست سمجھتے اور انہیں مشورہ دیتے ہیں کہ انہیں سر یا انکل نہ کہیں بلکہ اے کے یا انوپم جی کہیں۔

ان کے مطابق "انکل جی" کہنے سے انہیں ایک خاص خانے میں ڈال دیا جاتا ہے، جبکہ وہ ایسے تصورات کو توڑنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں نوجوان نسل کے ساتھ مصنوعی ذہانت، صحت اور سائنس جیسے موضوعات پر گفتگو کرنا پسند ہے۔

انوپم کھیر نے کہا کہ کئی ہیئر ویونگ ڈاکٹرز نے ان سے رابطہ کیا اور ہیئر ٹرانسپلانٹ کروانے کی پیشکش کی، مگر میں نے سب کو انکار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ہر ہیئر ویونگ کمپنی یا ڈاکٹر کا خواب ہوں اور بہت سے لوگ مجھے پیسے دینے کے لیے تیار ہیں کہ میں ایک بار ان سے بال لگوا لوں، لیکن میں نے انہیں یہ موقع نہیں دیا۔ چاہے مجھے کتنے ہی پیسوں کی ضرورت کیوں نہ پڑ جائے، میں یہ پیسے نہیں لوں گا کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ پھر میں وہ انسان نہیں رہوں گا۔ 

انہوں نے کہا کہ جب سکندر بہت چھوٹا تھا تو میں اخبار پڑھ رہا تھا، مجھے معلوم نہیں تھا کہ اس میں ہیئر آئل کا اشتہار ہے۔ سکندر کو لگا میں اشتہار دیکھ رہا ہوں، تو اس نے کہا کہ ڈیڈ، اس بارے میں سوچنا بھی مت، میں خوش قسمت ہوں میرے خاندان میں حس مزاح ہے، جو بہت مددگار ثابت ہوتا ہے۔ 

جہاں تک کام کا تعلق ہے تو انوپم کھیر جلد ہی فلم کھوسلا کا گھوسلا 2 میں نظر آئیں گے۔ یہ کھوسلا کا گھوسلا، کا سیکوئل ہے، جس کی ہدایت کاری پرشانت بھاگیا نے کی ہے۔ اس فلم میں رنویر شوری، پروین دبس، کرن جونیجہ اور بومن ایرانی بھی شامل ہیں۔ یہ فلم 28 اگست 2026 کو ریلیز ہوگی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید