مصنّف: رضی الدّین رضی
صفحات: 262، قیمت: 1500روپے
ناشر: گردو پیش پبلی کیشنز، ملتان۔
فون نمبر: 6780423 - 0318
رضی الدّین رضی بنیادی طور پر شاعر ہیں، لیکن ایک صحافی اور مترجّم کی حیثیت سے بھی اُن کی شناخت ہے۔ ملتان سے متعلق اُن کی تحریریں گاہے گاہے شائع ہوتی رہتی ہیں، جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اُنہیں اپنے شہر سے کیسا عشق ہے۔ زیرِ نظر کتاب پہلی مرتبہ جنوری 2007ء میں شائع ہوئی۔
دوسرا ایڈیشن مئی 2025ء میں منظرِعام پر آیا اور اب تیسرا ایڈیشن ہمارے سامنے ہے، جو کچھ اضافوں کے ساتھ شائع ہوا ہے۔ یہ کتاب اُن شخصیات پر مشتمل ہے، جنہوں نے ملتان میں زندگی گزاری، ملتان کو، ملتان بنایا، اپنی شاعری، اپنے مضامین کے ذریعے اور اپنی تصاویر اور اپنے خُوب صُورت رویّوں کے ذریعے۔
ان شخصیات میں ادیب، شاعر، صحافی، مصوّر، دوست اور رشتے دار سبھی شامل ہیں۔ اس کتاب کو ملتان کا ادبی منظرنامہ بھی کہا جاسکتا ہے۔ بقول ڈاکٹر اسلم انصاری’’ یہ بہت اداس کر دیننے والی کتاب ہے۔ یہ اُن لوگوں کے بارے میں ہے، جو ماضیٔ قریب میں خوابِ خاک میں جا سوئے۔
اُن کے ہونے سے ملتان میں علم و ادب کی بہت سی روایات زندہ تھیں، رضی الدّین رضی نے اُن سے متعلق لکھ کر ایک فرض ادا کیا اور ملتان کی تاریخ کا ایک بہت اہم باب رقم کیا۔‘‘ اب ڈاکٹر اسلم انصاری بھی ’’رفتگاں‘‘ کی اِس فہرست کا حصّہ بن گئے ہیں۔ بشریٰ رحمان، ڈاکٹر انور زہری اور وجاہت مسعود نے بھی اپنے مضامین کے ذریعے رضی الدّین رضی کے اس کام کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔