مصنّف: شجاع الدّین غوری
صحفات: 148، قیمت: 1500روپے
ناشر: بزمِ تخلیقِ ادب، پاکستان۔
فون نمبر: 8291908 - 0321
زیرِ نظر کتاب کے مصنّف شجاع الدّین غوری کہنہ مشق لکھاری ہیں۔ 80 سال کی عُمر میں بھی تخلیقی و تحقیقی کاموں میں مصروف ہیں۔ ایک طنز و مزاح نگار کی حیثیت سے بھی اُن کی نمایاں شناخت ہے اور اِسی سلسلے میں علّامہ اقبال پر لکھے گئے مضامین کا انتخاب ہمارے سامنے ہے، جسے شجاع الدّین غوری کا انوکھا کام قرار دیا جاسکتا ہے۔’’اقبالیے‘‘ کے سلسلے کی پہلی کتاب،’’مزاح پلس‘‘ کے مدیر، انور احمد علوی نے 2011ء میں شائع کی تھی۔
دوسری کتاب’’اقبال مزاح کی زَد میں‘‘ ڈاکٹر نگار سجّاد نے 2019ء میں شائع کی۔ زیرِ نظر کتاب میں پاک و ہند کے مشاہیرِ ادب و مزاح نگاروں کی شگفتہ، دِلوں کو گداگداتی، لبوں پر مسکراہٹیں بکھیرتی23منتخب تحریریں جمع کی گئی ہیں۔علّامہ اقبال پر جن شخصیات نے طنزیہ و مزاحیہ مضامین تحریر کیے، اُن کے اسمائے گرامی ملاحظہ فرمائیں۔
عطاء الحق قاسمی، اقبال ساغر صدیقی، ڈاکٹر اشفاق احمد ورک، نصراللہ خان، سیّد ذوالفقار علی بخاری، خامہ بگوش، ڈاکٹر سلیم اختر، سیّد اطہر علی ہاشمی، شجاع الدّین غوری، انور احمد علوی، میاں غلام قادری، وقار خان، ابو الفرح ہمایوں، سلیمان عبداللہ، مرزا عابد عباس، مرزا عاصی اختر، اختر جمال، قمر سلطانہ، سلمیٰ یاسمین نجمی، شبنم حمید، بریگیڈیئر حامد سعید اختر، ڈاکٹر سیّد حسین احمد زاہدی، عمران ظفر اور ڈاکٹر محمّد اسد اللہ۔