خوشی انسانی زندگی کا ایک نہایت قیمتی اور دِل کَش احساس ہے، جو ہر انسان کی فطری خواہش ہوتی ہے۔ یہ ایک ایسی کیفیت ہے کہ جو نہ صرف دل کو سکون دیتی ہے بلکہ زندگی کو معنی اور مقصد بھی فراہم کرتی ہے۔ خوشی کا تعلق صرف مادّی چیزوں سے نہیں بلکہ یہ ایک اندرونی کیفیت ہے، جو انسان کے خیالات، رویّوں اور تعلقات سے جنم لیتی ہے۔ ہم میں سے اکثر لوگ خوشی کو دولت، شُہرت یا کام یابی سے جوڑتے ہیں، لیکن حقیقت میں یہ عناصر عارضی مسرّت تو دے سکتے ہیں، مستقل خوشی نہیں، کیوں کہ حقیقی خوشی کا سرچشمہ انسان کے اپنے اندر ہوتا ہے۔
آج ہم ایک ایسے دَور میں جی رہے ہیں، جہاں ہر شے کی پیمائش کی جاتی ہے۔ آمدن، قد، وزن، فالوورز، لائیکس حتیٰ کہ سوشل میڈیا نے خوشی کو بھی ایک قابلِ پیمائش قدر بنا دیا ہے۔ یعنی جو جتنا زیادہ مُسکراتا دکھائی دیتا ہے، اُسے اتنا ہی زیادہ خوش باش اور کام یاب انسان سمجھا جاتا ہے، چاہے وہ اندر سے کتنا ہی ٹوٹا، بکھرا ہوا کیوں نہ ہو۔
بہرکیف، اصل مسئلہ یہ نہیں کہ لوگ خوش نظر آنا چاہتے ہیں، اصل مسئلہ یہ ہے کہ اب خوشی کے پیمانے ہمارے اپنےطے کردہ نہیں رہے۔ ہمیں یہ بتا دیا گیا ہے کہ بڑی سی گاڑی، بیش قیمت موبائل فون، فارن ٹورز اور تفکّرات سے عاری مسکراتے چہروں کی تصاویر ہی اس بات کا تعیّن کرتی ہیں کہ آپ کس قدر خوش و خرّم زندگی گزار رہے ہیں اور اگر یہ سب کچھ نہیں، تو گویا آپ کی زندگی بہت بےرونق، بےرنگ اور بےمزہ ہے۔ جب کہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔
آج تک کوئی ایسا فارمولا تیار نہیں کیا جا سکا کہ جو آپ کی زندگی کے خوش گوار یا آسودہ ہونے کا تعیّن کرسکے، کیوں کہ ہو سکتا ہےجس چیز یا عمل سے آپ کو طمانیت ملتی ہو، وہ کسی دوسرے فرد کے لیے بالکل بےمعنی ہو۔ کوئی فرد اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ مسرّت بھرے چند لمحات گزار کر، کوئی بچّوں کے ساتھ ہنس کھیل کر اور کوئی تنہائی میں کتاب پڑھ کر ہی خُود کو دُنیا کاخوش قسمت ترین شخص سمجھتا ہو اور کوئی فرد ایک انتہائی پُرتعیّش زندگی گزارنے کے باوجود بھی دِلی طمانیت اور حقیقی خوشی سے کوسوں دُور ہو۔
بدقسمتی سے ہم ہمہ وقت ہی دوسروں سے اپنا موازنہ کرتے رہتے ہیں، اسی لیے دوسروں کے طےکردہ پیمانوں سے اپنی خوشی کا اندازہ لگانے کی کوشش کرتے ہیں اور پھر یہ سوچ کر پریشان بھی رہتے ہیں کہ ہمیں اطمینان اور سکونِ قلب حاصل کیوں نہیں ہوتا۔ یاد رہے، ہماری زندگی میں پائی جانے والی اس بے چینی اور اضطراب کی بڑی وجہ یہ تقابل ہی ہے۔
ہر انسان کا سفرِ زیست دوسرے فرد کی زندگی کے سفرسےمختلف ہوتا ہے۔ تمام انسانوں کے حالات اور خواب ایک جیسے نہیں ہوسکتے، مگر ہم سبھی کو ایک ہی قطار میں کھڑا کر لیتے ہیں۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ خوشی اکثر وہیں سے ملتی ہے، جہاں ہم نے اُسے تلاش ہی نہیں کیا ہوتا۔ کٹھن وقت میں کسی کا خلوص بَھرا ایک جملہ، کسی اجنبی کی بےغرض مدد یا کسی پُرانی خوش گوار یاد کا اچانک لوٹ آنا، وہ لمحات ہیں کہ جو زندگی کوقابلِ قدر بنا دیتے ہیں۔ یعنی ہمیں ان خوش کُن لمحات کو اپنے اردگرد ہی تلاش کرنا چاہیے۔
پھر ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ ہم نے خوشی کو کام یابی کے ساتھ مشروط کر دیا ہے، حالاں کہ بعض کام یاب لوگ بھی اُداس رہتے ہیں اور بہ ظاہر عام سی زندگی گزارنے والے لوگ بھی بہت خوش و خرّم زندگی گزارتے ہیں۔ اصل کام یابی تو یہ ہے کہ انسان خود سےجُھوٹ نہ بولے اور نہ ہی خود کو فریب دے، بلکہ اپنی کوتاہیوں اور ناکامیوں کو تسلیم کرتے ہوئے اپنی حدود کا تعیّن کرے اور خود کو ایک مثبت فکر کا حامل، نیز دوسروں کے لیے مفید فرد بنانے کی کوشش کرے۔
ضرورت اس اَمر کی ہے کہ ہم اپنی خوشی کا پیمانہ خُود طے کریں اور یہ محض دکھاوے پر نہیں، بلکہ اپنی تعمیرِ حیات پر مبنی ہونا چاہیے۔ نیز، ہمیں یہ قبول کر لینا چاہیے کہ ہمارا ہر لمحہ بھرپور، مکمل اور ہر دن شان دار نہیں ہو سکتا۔ کیوں کہ جب ہم یہ حقیقت تسلیم کرلیں گے، تو ہمیں خود بخود ہی اپنا وجود ہلکا پُھلکا محسوس ہونے لگے گا۔
جب انسان شُکر گزاری کا رویّہ اپناتا ہے اور اپنے پاس موجودہ نعمتوں کی قدر کرتا ہے، تو اس کے دل میں اطمینان پیدا ہوتا ہے، جو خوشی کی بنیاد بنتا ہے۔ شُکر گزاری انسان کو منفی سوچ سے دور رکھتی ہے اور مثبت پہلوؤں پر توجہ مرکوز کرنے میں مدد دیتی ہے۔
خوشی کا ایک اہم ذریعہ اچھے تعلقات بھی ہیں۔ خاندان، دوست اور عزیز و اقارب کے ساتھ محبت اور خلوص پر مبنی رشتے انسان کو ذہنی سکون فراہم کرتے ہیں۔ جب انسان دوسروں کے ساتھ خوشیاں بانٹتا ہے، تو اس کی اپنی خوشی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ ہم دردی، ایثار اور محبّت جیسے جذبات خوشی کو بڑھاتے ہیں اور معاشرے میں ہم آہنگی پیدا کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ، ایک مقصد بھری زندگی بھی خوشی کا باعث بنتی ہے۔ جب انسان اپنے مقاصد کے لیے محنت کرتا ہے اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتا ہے، تو اسے کام یابی کے ساتھ ساتھ ایک گہری خوشی کا احساس بھی حاصل ہوتا ہے۔ یہ خوشی اس بات سے جڑی ہوتی ہے کہ انسان اپنی زندگی کو بامعنی بنا رہا ہے اور اپنے وجود کو مثبت انداز میں استعمال کر رہا ہے۔
قدرت کے قریب رہنا بھی خوشی کو بڑھاتا ہے۔ سرسبز مناظر، پرندوں کی چہچہاہٹ اور تازہ ہوا انسان کے ذہن کو تازگی بخشتی ہے۔ یہ چیزیں ہمیں سادہ خوشیوں کی یاد دلاتی ہیں، جو اکثر ہم اپنی مصروف زندگی میں نظر انداز کر دیتے ہیں۔ خوشی کوئی دُور کی منزل نہیں بلکہ ایک سفر ہے، جسے ہمیں ہر روزطے کرنا پڑتا ہے۔
اگر ہم اپنے خیالات کو مثبت رکھیں، دوسروں کے ساتھ اچّھا برتاؤ کریں اور اپنی زندگی کی چھوٹی چھوٹی خوشیوں کو سراہیں، تو ہم ایک خوش حال اور مطمئن زندگی گزار سکتے ہیں۔ حقیقی خوشی کا راز باہر نہیں بلکہ ہمارے اپنے دل کے اندر پوشیدہ ہے، بس ضرورت ہے اسے پہچاننے اور اپنانے کی۔ قصہ مختصر، خوش رہنے کا فن انسان کو خُود ہی سیکھنا پڑتا ہے، یہ کسی طے شدہ فارمولے کا محتاج نہیں۔