• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی تجویز مسترد کردی



وزیراعظم شہباز شریف نے عیدالفطر کے موقع پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کردی۔

قوم سے خطاب میں شہبا زشریف نے کہا کہ عوام کو دل کی گہرائیوں سے عید کی مبارک باد دی اور کہا کہ عید کی خوشیاں تب مکمل ہوتی ہیں، جب ضرورت مندوں کےساتھ بانٹیں۔

انہوں نے کہا کہ آج دنیا مشکل حالات سے دوچار ہے ،خطے میں جنگ نے عالمی معیشت اور امن کو جھنجھوڑکر رکھ دیا ہے،بحران سے متعلق خدشات ہر لمحے کے ساتھ بڑھتے جارہے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ عالمی مارکیٹ میں خلیجی تیل کی قیمتیں آسمان سے بات کررہی ہیں،صورتحال یوں ہی بگڑتی رہی تو تیل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان رد نہیں کیا جاسکتا۔

اُن کا کہنا تھا کہ احساس ہے کہ تیل کی قیمتوں میں 55 روپے اضافے عوام کی زندگی متاثر ہوئی ہے ،بہت سے گھرانوں کو ضروریات زندگی پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ 13مارچ کو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں پھرنمایاں اضافہ ہوا،پیٹرول کی قیمت میں 50 اور ڈیزل کی قیمت میں 74 روپے اضافے کی تجویز دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ فیصلہ کیا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں اس اضافے کا 24 ارب روپے کا بوجھ حکومت برداشت کرے گی،ہم جہاں تک ممکن ہو عوام کو تیل کی قیمتوں کے بوجھ سے بچانا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں پھر اضافہ ہوچکا ہے،عید پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کی تجویز کو مسترد کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایک بار پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کا 45 ارب روپے کا بوجھ حکومت برداشت کرے گی ،ہم اضافہ روکنے کےلیے 79 ارب روپے خرچ کرچکے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ان اقدمات سے جہاں ضرورت مند طبقات کو سہارا ملا ہے وہاں خوشحال طبقے نے بھی فائدہ اٹھایا ہے ،ہدایات جاری کی ہیں کہ ایسا نظام بنایا جائے کہ ریلیف صرف حقدار تک پہنچے ۔

انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں اضافے کا یہ بوجھ خود اٹھا کر عوام کو محفوظ رکھنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں،ہم سب کو بطور قوم توازن ،کفایت شعاری اور دانشمندی کو اپنانا ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اشرافیہ پر بھی ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ اس کارخیر میں کردار ادا کرے،وعدہ کیا تھا کہ کفایت شعاری اور سادگی مہم کا آغاز حکومت سے کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کفایت شعاری اور سادگی کی پالیسی نافذ العمل ہے ،اقدامات کا جائزہ لے رہا ہوں تاکہ قوم کے ایک ایک روپے کو ذمہ داری سے استعمال کیا جائے،آج ایثار اور قربانی کے جذبے کی جتنی ضرورت ہے شاید کبھی نہ رہی ہو۔

قومی خبریں سے مزید