• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہدِ مسلسل (جماعتِ اسلامی، پاکستان کی تاریخ) حصّہ دوم

تحقیق و تدوین: محمود عالم صدیقی

صفحات: 510، قیمت: 1800روپے

ناشر: زیک بُکس۔ زاہد علی خاں

فون نمبر: 8224645 - 0300

زیرِ نظر کتاب، ناظمِ شعبہ تصنیف و تالیف و ترجمہ’’سیّد مودودی یادگاری تحقیقی مرکز و لائبریری، کراچی‘‘ محمود عالم صدیقی کے ’’تاریخ پراجیکٹ‘‘ کا دوسرا حصّہ ہے، جس میں جماعتِ اسلامی، پاکستان کے دوسرے امیر، میاں طفیل محمّد کے15 سالہ دورِ امارت کا احاطہ کیا گیا ہے۔ اِس سلسلے کی پہلی کتاب 2014ء میں شائع ہوئی، جو بانی جماعتِ اسلامی مولانا سیّد ابو الاعلیٰ مودودی کے31سالہ دورِ امارت پر مشتمل تھی۔ 

اِس کتاب کے محرّک، میاں طفیل محمّد کی پوری زندگی جہدِ مسلسل سے عبارت تھی۔ وہ 1966ء تک جماعتِ اسلامی پاکستان کے سیکریٹری رہے۔ 1971ء میں مولانا مودودی کی علالت کے سبب قائم مقام امیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ اکتوبر 1972ء میں امیر جماعتِ اسلامی پاکستان منتخب ہوئے اور 1987ء تک بطور امیر منتخب ہوتے رہے۔ امارت سے فراغت کے بعد’’ادارہ معارفِ اسلامیہ‘‘ (منصورہ) قائم کیا اور عالمی مساجد کاؤنسل کی ذمّے داریاں بھی ادا کیں۔ وہ24 جون 2009ء کو راہی مُلکِ عدم ہوئے۔ 

زیرِ نظر کتاب13 ابواب پر مشتمل ہے اور ہر باب تاریخ کے مختلف پہلو اجاگر کرتا ہے۔ یہ صرف جماعتِ اسلامی ہی کی تاریخ نہیں، بلکہ پاکستان اور بین الاقوامی سیاسی حالات، تبدیلیوں کا ہم عصر مطالعہ بھی ہے، جس سے قارئین کو معلوم ہوگا کہ جماعتِ اسلامی اقامتِ دین کی جدوجہد میں کن کن تکالیف، مراحل اور پابندیوں کا سامنا کرتی رہی ہے۔ 

کتاب کا پیش لفظ امیر جماعتِ اسلامی، کراچی منعم ظفر خان نے لکھا ہے، جب کہ اِس میں پروفیسر خورشید احمد(مرحوم) برجیس احمد اور زاہد علی خاں کی تحریریں بھی شامل ہیں۔’’تاریخ پراجیکٹ‘‘ کا تیسرا حصّہ جماعتِ اسلامی، پاکستان کے تیسرے امیر قاضی حسین احمد کے 23سالہ دورِ امارت پر مشتمل ہوگا۔

سنڈے میگزین سے مزید