شارح: ڈاکٹر عابد شیروانی
صفحات: 190، قیمت: 1000روپے
ناشر: الناشر پریس، کراچی۔
فون نمبر: 3516169 - 0333
گو کہ ’’اقبالیات‘‘ کے حوالے سے کراچی میں مختلف شخصیات نے کام کیا ہے، لیکن اِس شہر میں کوئی ایسا ادارہ نہیں تھا، جسے علّامہ اقبال کے نام سے منسوب کیا گیا ہو، اِس کمی کو بڑی حد تک ڈاکٹر عابد شیروانی نے پورا کیا ہے۔ یہاں علّامہ اقبال کے پرستاروں کی کمی نہیں، لیکن اُن پر کام نہ ہونے کے برابر ہے۔ ڈاکٹر عابد شیروانی نے’’دانش گاہِ اقبال‘‘ کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا ہے اور اگر یہ کہا جائے، تو غلط نہ ہوگا کہ وہ کراچی میں فکرِ اقبال کے حقیقی ترجمان ہیں۔
اُن کی اقبال شناسی نے اُنہیں ماہرینِ اقبالیات کی صف میں شامل کردیا ہے۔ ہمارے پیشِ نظر اُن کی تازہ کتاب’’شوقِ محمّدﷺ‘‘ ہے۔ علّامہ اقبال کی نظم ’’ذوق و شوق‘‘ کے پانچ بند ہیں اور ہر بند میں چھے اشعار ہیں، یوں اشعار کی کُل تعداد تیس ہے۔ ڈاکٹر عابد شیروانی نے اِس نظم کی شرح نہایت دل نشیں انداز میں کی ہے۔
اِس کاوش سے متعلق ممتاز شاعر اور نقّاد، پروفیسر سحر انصاری کی رائے ملاحظہ فرمائیں۔’’ڈاکٹر عابد شیروانی نے وسعتِ نظر کے ساتھ’’ذوق و شوق‘‘ کے تمام رموز و کنایات اور فکری پہلو بہت سلیقے اور علمی انداز میں رقم کیے ہیں۔ اقبال کی طویل نظموں پر اوروں نے بھی کام کیا ہے، لیکن مَیں سمجھتا ہوں کہ جس شرح و بسط سے ڈاکٹر عابد شیروانی نے اِس کی شرح کی ہے، وہ اپنی مثال آپ ہے۔‘‘
سلمان صدیقی، ڈاکٹر رانا خالد محمود قیصر، ڈاکٹر نگار سجّاد ظہیر، سیّد عاشق رسول امین، ملک محبوب الرسول قادری، ڈاکٹر شیر مہرانی اور خوشی محمّد انصاری نے بھی مضامین تحریر کیے ہیں۔ واضح رہے، اِس سے پہلے بھی ڈاکٹر عابد شیروانی کی تین کتابیں منظرِعام پر آچُکی ہیں۔