مرتّب: محمّد ابرار حسین
صفحات: 136، ہدیہ: 800روپے
ناشر: جہانِ حمد پبلی کیشنز، نوشین سینٹر، اُردو بازار، کراچی۔
فون نمبر: 2177044 - 0301
زیرِ نظر کتاب کے مرتّب ابرار حسین کا شمار کراچی کے نہایت معتبر نعت خوانوں میں ہوتا ہے۔ اُنہوں نے نعت خوانی میں بھی اپنے اسلاف کی روایات عزیز رکھی ہیں۔ وہ اُن نعت خوانوں میں سے نہیں، جنہوں نے اِسے ذریعۂ معاش بنایا ہوا ہے۔ پھر اُن کا تحقیق و جستجو کی طرف آنا بھی نہایت اہم ہے، جس کے پسِ پردہ اُن کا جو جذبہ کار فرما ہے، وہ عشقِ محمّدی صلی اللہ علیہ وسلم کے بغیر ناممکن ہے۔ اُن کی زیرِ نظر کتاب تحقیقی مراحل سے گزر کر ایک دستاویز بن گئی ہے۔
ابرار حسین کا پہلا تحقیقی کام’’مشاہیرِ نعت‘‘ کے نام سے منظرِعام پر آیا تھا، جب کہ یہ کتاب لانڈھی، کورنگی اور ملیر کے نعت گویان پر مشتمل ہے۔ یہ کتاب کئی اعتبار سے اہم ہے،جب کہ ابتدائی صفحات میں سیّد عمران علی نے لانڈھی، کورنگی کی مختصر، لیکن جامع تاریخ قلم بند کرکے بھی نہایت اہم خدمت انجام دی ہے۔
ڈاکٹر مجید اللہ قادری، یامین وارثی، ڈاکٹر رانا خالد محمود قیصر، محمّد اقبال نجمی، ڈاکٹر سہیل شفیق، بشیر الدّین چشتی اور انجینئر محمّد ندیم رشید جیسے معتبر قلم کاروں نے اِس کتاب سے متعلق مضامین تحریر کرکے ابرار حسین کو سندِ اعتبار عطا کی ہے، تو کتاب میں موجود تمام شعراء کا تذکرہ بھی نہایت دل نشین انداز میں کیا گیا ہے۔