• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی تیاری مکمل ہے، ردِعمل تیز، متوازن اور فیصلہ کن ہوگا، وزیر دفاع خواجہ آصف

بھارت کی طرف سے اس نوعیت کی دھمکی آمیز زبان نئی نہیں بلکہ ایک متوقع جاہلانہ حرکت ہے، خواجہ آصف - فوٹو: فائل
بھارت کی طرف سے اس نوعیت کی دھمکی آمیز زبان نئی نہیں بلکہ ایک متوقع جاہلانہ حرکت ہے، خواجہ آصف - فوٹو: فائل

وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی تیاری مکمل ہے، پاکستان کا ردِ عمل تیز، متوازن اور فیصلہ کن ہوگا۔ 

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر راج ناتھ سنگھ کی جانب سے دہرائے جانے والا بیانیہ مایوسی کی عکاسی کرتا ہے۔ پہلگام فالس فلیگ آپریشن بین الاقوامی طور پر بھی ثابت نہ ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے اس نوعیت کی دھمکی آمیز زبان نئی نہیں بلکہ ایک متوقع جاہلانہ حرکت ہے۔ بھارت گمراہ کن الزامات کی آڑ میں کشیدگی کو ہوا دیتا ہے تاکہ اسے مخصوص سیاسی مفادات حاصل ہو۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ تاریخی طور پر یہ واضح ہے کہ ناکام مہم جوئی کے ہمیشہ سنگین نتائج برآمد ہوتے ہیں۔

انہوں نے پاکستان کی شاندار کامیابی یاد کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق ہماری یادوں میں آج بھی زندہ ہے اور آئندہ ہمارا رد عمل مزید مضبوط اور فیصلہ کن ہوگا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستان امن اور علاقائی استحکام کیلئے پُرعزم ہے۔ پاکستان کی تیاری مکمل ہے اور ہمارا ردِعمل تیز، متوازن اور فیصلہ کن ہوگا۔

 وزیر دفاع نے کہا کہ راج ناتھ سنگھ کو واضح ہے کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ کا تصور بھی ناقابل فہم اور خطرناک نتائج کا حامل ہوگا۔ بھارت کے لیے بہتر یہی ہوگا کہ وہ اپنی اسٹریٹجک اور سفارتی دائرے میں بڑھتی ہوئی بے چینی کا سامنا کرے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ بالکل واضح ہے کہ بھارت اپنی اندرونی کمزوریوں کو بیرونی بنا کر پیش کرتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید