دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث کالعدم تحریک طالبان افغانستان کا کارندہ بلوچسان سے گرفتار کرلیا گیا، گرفتار دہشت گرد کا بھائی کالعدم ٹی ٹی پی پکتیکا کا امیر ہے۔
دہشت گرد پہلے بھی گرفتار ہوچکا اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عام افغان شہری سمجھ کر واپس بھیج دیا تھا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کا کہنا ہے کہ جو لڑکا پکڑا گیا ہے اس کا تعلق تحریک طالبان افغانستان (ٹی ٹی اے) سے ہے۔
وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء لانگو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حمزہ شفقات نے کہا کہ ایک سال میں ہزاروں انٹیلی جنس آپریشن ہو چکے ہیں، افغان شہری دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں، ٹی ٹی اے اور کالعدم ٹی ٹی پی مل کر ہمارے صوبے کے اندر وارداتیں کرتے ہیں۔
ضیاء لانگو کا کہنا ہے کہ کوئی پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھے گا اسے بھرپور جواب دیا جائے گا، افغان شہریوں نے نادرا کے جعلی آئی ڈی کارڈ بنوائے ہوئے ہیں، دہشتگردی کے خلاف قوم متحد ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک دشمن عناصر سازشوں میں مصروف ہیں، ان کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے کہا کہ دہشتگرد تنظیمیں افغانستان کےاندر سے کارروائیاں کررہی ہیں۔