• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم اور امیر قطر کی ملاقات، کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کی اہمیت پر زور

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

 وزیرِاعظم شہباز شریف نے دوحہ میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی ہے، جس میں امن و استحکام کے لیے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیرِاعظم اور امیر قطر کی امیری دیوان میں ہونے والی ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی، جس میں خطے اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال اور خصوصاً مشرق وسطیٰ کی صورتحال زیر بحث آئی، امیرِ قطر نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی مکالمے کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

ایک بیان میں وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان قطر اور دیگر ممالک پر حملوں کی مذمت کرتا ہے، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ساتھ خوشگوار ملاقات ہوئی، جس میں اپنے طیارے کا قطر کے جنگی طیاروں کے ذریعے اسکواڈرن کی صورت میں شاندار استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا، یہ قطر کی مہمان نوازی اور مضبوط و دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے قطر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، دونوں رہنماؤں میں دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، پاکستان اور خلیجی ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے کشیدگی کم کرنے کی کوششوں پر زور دیا، ملاقات میں توانائی کی سپلائی چین کے تسلسل کو یقینی بنانے کی اہمیت اور پاکستان اور قطر کے دوطرفہ تعلقات میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، سیکیورٹی، دفاع اور توانائی کے شعبوں میں شراکت داری مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیرِاعظم اور امیرِ قطر کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور موجودہ علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطوں اور مشاورت کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

ملاقات کے بعد امیرِ قطر کی جانب سے وزیرِاعظم اور وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔

اعلیٰ سطح کے وفود کی ملاقات میں شرکت کے دونوں ممالک کے سینئر حکام بھی موجود تھے، پاکستانی وفد میں نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا تارڑ و دیگر حکام شامل ہیں۔

وزیرِاعظم شہباز شریف کا دوحہ پہنچنے پر قطر کے وزیرِ مملکت خارجہ امور سلطان بن سعد المریخی نے وزیرِاعظم اور وفد کا استقبال کیا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کو قطری مسلح افواج کے چاق چوبند دستے نے سلامی بھی دی۔

وزیرِاعظم اور پاکستانی وفد کی آمد پر دوحہ ایئر پورٹ اور شہر کو پاکستانی پرچموں سے سجایا گیا۔

وزیرِاعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق دورہ قطر کے دوران وزیرِاعظم شہباز شریف کا شاندار استقبال کیا گیا، قطر کی حدود میں داخل ہوتے ہی قطری فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے وزیرِاعظم کے طیارے کو حفاظتی حصار میں لیا۔

قطری فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے وزیرِاعظم کے طیارے کو حفاظتی حصار میں ایئر پورٹ تک چھوڑا، وزیرِاعظم نے قطری قیادت اور پائلٹس کی جانب سے شاندار استقبال پر شکریہ ادا کیا۔

قومی خبریں سے مزید