ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
ترکیہ میں انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر کی ملاقات ہوئی، جس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جنگ بندی بڑھانے اور مذاکراتی کی بحالی پر گفتگو کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے طیب اردوان کو جنگ بندی میں توسیع اور مذاکرات بحالی کے حوالے سے حالیہ پیشرفت سے آگاہی دی۔
دونوں رہنماؤں نے موجودہ موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دیرپا اور پائیدار امن کے قیام پر زور دیا اور امن، استحکام اور خوشحالی کےلیے مشترکہ وژن پر اتفاق کیا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور ترکیے کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور مضبوط تعلقات کے مزید فروغ کے عزم بھی اظہار کیا گیا۔
شہباز شریف اور طیب اردوان نے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹیجک شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر اتفاق کیا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں 8ویں اعلیٰ سطح اسٹریٹیجک کو آپریشن کونسل کا اجلاس رواں سال انقرہ میں بلانے کا بھی فیصلہ ہوا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے جاری منصوبوں پر عمل درآمد تیز کرنے اور نئے اقتصادی مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے اقدامات پر زور دیا ہے۔