• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک چین دوستی ملک میں غیرمعمولی قومی اتفاقِ رائے کی حیثیت رکھتی ہے، احسن اقبال

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی پاکستان میں مضبوط اور غیرمعمولی قومی اتفاقِ رائے کی حیثیت رکھتی ہے۔

”چائنا پاکستان پولیٹیکل پارٹیز فورم“ اور سی پیک پولیٹیکل پارٹیز کنسلٹیشن میکنزم کا اجلاس ہوا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے پاک چین سفارتی تعلقات کے 75سال مکمل ہونے پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی کی حمایت تمام سیاسی جماعتیں مکمل یکجہتی کے ساتھ کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کا عزم دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور دوستی کو مزید مستحکم بناتا ہے، سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ انیشییٹو کا فلیگ شپ منصوبہ پاک چین دوستی کی روشن علامت ہے۔ 

احسن اقبال نے کہا کہ منصوبے نے پاکستان کے معاشی منظر نامے کو بدل کر رکھ دیا ہے، سی پیک 2.0 کے تحت تعاون کا نیا دور شروع ہو رہا ہے۔ 

انکا مزید کہنا تھا کہ صنعتی  ترقی، ٹیکنالوجی، زراعت، ماحولیاتی پائیداری اور عوامی فلاح پر توجہ دی جا رہی ہے، سی پیک 2.0 کے تحت تعاون کو ’پانچ اقتصادی راہداریوں‘ کے فریم ورک کے تحت آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ 

احسن اقبال نے کہا کہ ان میں گروتھ، لائیولی ہُڈ، انوویشن، گرین اور اوپن اینڈ اِنکلوسیو ریجنل ڈیولپمنٹ کوریڈورز شامل ہیں، چین کی ترقی کا سفر پوری دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ چین نے 80 کروڑ سے زائد لوگوں کو غربت سے نکالا اور دنیا کی دوسری بڑی معیشت بنا۔ چین نے ٹیکنالوجی، صنعت، انفرااسٹرکچر اور انسانی ترقی میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کیں۔ 

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ پاک چین دوستی کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے۔ تعلیم، مصنوعی ذہانت، ٹیکنالوجی اور نوجوان قیادت کے دو طرفہ تبادلوں کو مزید فروغ دینا ہوگا۔ 

انہوں نے کہا کہ حکومت تمام جاری اور مستقبل کے سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائے گی، حکومت پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں اور اداروں کو مکمل تحفظ فراہم کرے گی۔ 

احسن اقبال نے کہا پاک چین دوستی باہمی اعتماد، اسٹریٹجک شراکت داری اور مشترکہ ترقی کے وژن پر قائم ہے۔

قومی خبریں سے مزید