اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں اضافے کا خدشہ، ایران کے آبنائے ہرمز دوبارہ بند کیے جانے سے قطر سے ایل این جی کے چار بحری جہازوں کی آمد رک گئی۔ تفصیلات کے مطابق ایک نئی پیش رفت میں، پیٹرولیم ڈویژن کے حکام کو مطلع کیا گیا ہے کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو دوبارہ بند کیے جانے کے باعث قطر سے ایل این جی کے چار بحری جہازوں کی آمد رک گئی ہے۔ اس صورتحال کی وجہ سے ری گیسیفائیڈ مائع قدرتی گیس کی دستیابی تک ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں اضافے کا خدشہ ہے۔ پاکستان اسٹیٹ آئل، جو قطر انرجی کے ساتھ دو معاہدوں کے تحت آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے ایل این جی کے چار بحری جہازوں کی درآمد کا انتظام کر رہا تھا، نے پیٹرولیم ڈویژن کو ای میل کے ذریعے مطلع کیا ہے کہ درآمدات کو اس وقت تک کے لیے معطل کر دیا گیا ہے جب تک آبنائے ہرمز کی بندش سے پیدا ہونے والی صورتحال مستحکم نہیں ہو جاتی۔