مصنّفہ: نشاط یاسمین خان
صفحات: 224، قیمت: 1000روپے
ناشر:۔ فکشن ہاؤس
فون نمبر: 0293271 - 0315
زیرِ نظر کتاب کی مصنّفہ نشاط یاسمین خان کا شمار معروف قلم کاروں میں ہوتا ہے۔ اُنہوں نے اپنے ادبی سفر کا آغاز شاعری سے کیا تھا، مگر شاید اُنہیں شاعری راس نہیں آئی، اِس لیے نثر نگاری کو ذریعۂ اظہار بنالیا۔ اب ایک بہترین افسانہ نگار کی حیثیت سے اُن کی نمایاں شناخت ہے۔ اُنہیں مزاح نگاری میں بھی کمال حاصل ہے، جب کہ بچّوں کا ادب بھی ترجیحات میں شامل ہے۔ ہمارے پیشِ نظر اُن کا چوتھا افسانوی مجموعہ ہے، جس میں اُنہوں نے صرف پندرہ کہانیوں پر اکتفا کیا ہے۔
افسانہ نگاری میں اُن کا اپنا ایک انداز ہے۔ وہ غیر ضروری طوالت سے گریز کرتی ہیں، جب کہ اُن کی کہانیاں ابہام سے بھی پاک ہیں۔ کتاب کا نام اُن کے ایک افسانے سے لیا گیا ہے۔ یہ بھی اہم بات ہے کہ اِس افسانے کو’’اویناش امن‘‘ نے ہندی زبان میں منتقل کیا اور اسے اپنے افسانوی مجموعے’’دلّی پہنچنے میں کتنا وقت لگے گا‘‘ میں شامل کیا ہے۔
کتاب میں موجود تمام افسانے زندگی اور معاشرت سے جڑے ہوئے ہیں۔ جیسا کہ بعض کتابیں اپنے آپ کو خود پڑھوا لیتی ہیں، تو اِس کتاب میں بھی یہ خُوبی موجود ہے۔ واضح رہے کہ مصنّفہ کے دو ناول’’تیسرا کنارہ‘‘ اور’’رود کوبی‘‘، افسانوی مجموعے’’سُرخ لکیریں، قربتیں اور دوریاں‘‘ اور’’ ماں ری‘‘، جب کہ بچّوں کے لیے لکھا گیا ناول’’ایک سرکش پرندے کا سفر نامہ‘‘،’’مزاح نامے‘‘،’’ابّا نامہ‘‘ اور’’اماں نامہ‘‘ شائع ہوچُکے ہیں۔