• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیمن گراس: بے شمار فوائد سے مالامال جڑی بوٹی

قاضی جمشید عالم صدیقی، علامہ اقبال ٹاؤن، لاہور

’’لیمن گراس‘‘ انسانی صحت کے لیے ایک مفید جڑی بوٹی ہے، تو اِسے دوا کےطور پر استعمال کرکے بےشمار طبی فوائد حاصل کیے جاتے ہیں۔ اِس جڑی بوٹی کو ’’لیمن گراس‘‘ اِس لیے کہا جاتا ہے کہ اِس کی خوش بُو لیموں کی طرح ہوتی ہے۔ ایک بےذائقہ پودا ہونے کے باوجود اِس کے بہت سے فوائد اور استعمالات ہیں۔

مثال کے طور پر اسے مختلف کھانوں میں لیموں کی خوش بُوحاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، جب کہ مختلف ادویہ کی تیاری میں تو یہ استعمال ہوتا ہی ہے۔ نیز، اِس کا عرق مختلف صابنوں اور کریمز میں لیموں کی خوش بُوحاصل کرنے کے لیے شامل کیا جاتا ہے۔

دوسری جانب لیمن گراس کا قہوہ دُنیا بھر میں بہت مقبول ہے۔ یہ کھانسی اور بخارکی شدت کم کرتا ہے۔ علاوہ ازیں، چوں کہ اِس کا جھاڑی نُما پودا دیکھنے میں بہت خُوب صُورت معلوم ہوتا ہے، تو اِسے ایک سجاوٹی پودے کےطور پر گھروں اور باغوں کی زینت بھی بنایا جاتا ہے۔ لیمن گراس کو اِس کی شاخ کی مدد سے اُگانا بہت آسان ہے۔

اگر اِس کی ایک شاخ اکھاڑکر کسی دوسری جگہ لگا دی جائے، تو وہ بآسانی ایک نئے پودے کی شکل اختیار کر لیتی ہے، کیوں کہِ اس کی ہر شاخ کے ساتھ جڑیں ضرور ہوتی ہیں، یہاں تک کہ شاخ کو جھاڑی سےعلیحدہ کرتے ہوئے جڑیں ٹوٹ بھی جائیں، تو کوئی پریشانی کی بات نہیں، یہ دوسری جگہ جا کر بھی جڑ پکڑ لیتا ہے۔

 یاد رہے، لیمن گراس کا پودا موسمِ گرما کا پودا ہے اور گرمیوں میں خوب پھلتا پُھولتا ہے، جب کہ موسمِ سرما میں اس کی نشوونما رُک جاتی ہے، لیکن آپ اس کو گملے ہی میں لگا رہنے دیں، تو موسمِ گرما کی آمد پر یہ دوبارہ ہرا بھرا ہوجائے گا۔

سنڈے میگزین سے مزید