آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح-2 میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل سسٹم جدید ترین ایوی اونکس اور جدید ترین نیویگیشنل ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تجربے کا مقصد مختلف تکنیکی پہلوؤں کی توثیق اور بہتر درستی نظام کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ اس مشق کا مقصد مختلف ذیلی نظاموں کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اسٹریٹیجک پلانز ڈویژن، آرمی راکٹ فورس کمانڈ اور پاک فوج کے سینئر افسران نے مشق کا مشاہدہ کیا جبکہ اس موقع پر اسٹریٹیجک اداروں کے سائنسدان اور انجینئرز بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورم نے فتح سیریز کے مقامی طور پر تیار کردہ میزائل کی کامیاب تربیتی مشق کو سراہا۔ صدرِ مملکت، وزیرِاعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز نے میزائل کی کامیاب مشق میں حصہ لینے والوں کی مہارت، لگن اور عزم کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مسلح افواج کے سربراہان نے بھی میزائل کی تربیتی مشق میں حصہ لینے والوں کی مہارت اور عزم کی تعریف کی۔