• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمور ہو یا کشمیر، کوئی اپنے حق پر کسی کو ڈاکا نہیں ڈالنے دے گا: بلاول

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے  کہ کشمور ہو یا کشمیر، میرپور ہو یا میر پور خاص، کوئی اپنے حق پر کسی کو ڈاکا نہیں ڈالنے دے گا۔ جس طرح پچھلے الیکشن میں کشمور اور کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو مسترد کیا اس بار بھی ایسا ہی ہوگا۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ موجودہ بحران، کشیدگی پر ٹرتھ اینڈ ری کنسیلیشن کمیشن تشکیل دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا فورم یا کمیشن بنایا جائے جہاں ہر سچ سامنے آئے، ہر شکایت سنی جائے اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف ملے۔ ابھی تک میری تجاویز کا کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے یہ بھی کہا کہ کشمیر یا کشمور، میرپور یا میرپورخاص، ان کے صرف نام نہیں ملتے مزاج بھی ملتا ہے۔ کشمور ہو یا کشمیر، کوئی اپنے حق حاکمیت یا حق ملکیت پر کسی کو سیاسی ڈاکہ نہیں ڈالنے دے گا۔ان کے عوام اپنے حقوق کا سودا کرنے کےلیے تیار نہیں ہیں۔ 

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پچھلے الیکشنز میں کشمیر اور کشمور کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو مسترد کیا تھا۔ میرپور اور میرپور خاص میں ن لیگ کا صفایا ہوا تھا۔ آنے والے الیکشنز میں بھی عوام پہلے والا فیصلہ دہرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں کی بسیں کسی کا تحفہ نہیں ہوسکتا، یہ عوام کاحق ہوتا ہے، پیپلز پارٹی نے صرف وعدے نہیں کیے بلکہ عملی طور پرکام کیے۔ 

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میرپور کے عوام نے منگلا ڈیم کےلیے اپنی زمینیں اور گھر قربان کیے۔ اوورسیز کشمیریوں نے اپنی محنت، ترسیلاتِ زر سے پاکستان کی معیشت کو مضبوط کیا ہے۔ جب بھی پاکستان کو مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑا، میرپور کے لوگ ہمیشہ سب سے آگے رہے۔ یہی وجہ ہے کہ کوئی یہ نہیں کہہ سکتا اس چمن پر کشمیریوں کا پورا حق نہیں۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ پاکستان میرپور پر کوئی احسان نہیں کر رہا بلکہ یہ میرپور کا قرض ہے۔ کشمیری عوام کو وہ تمام حقوق ملنے چاہیئیں جو ہر عام پاکستانی شہری کا بنیادی حق ہیں۔ ان میں حقِ حاکمیت، حقِ ملکیت اور حقِ روزگار شامل ہیں۔

قومی خبریں سے مزید