• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف بی آر میں ڈیجیٹائزیشن اور جاری اصلاحات کے بہتر نتائج آ رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

فائل فوٹو۔
فائل فوٹو۔

وزیراعظم شہبا زشریف نے کہا ہے کہ الحمدللہ ایف بی آر میں ڈیجیٹائزیشن اور جاری اصلاحات کے بہتر نتائج آ رہے ہیں۔ انھوں نے ٹاسک فورس کی طرف سے پیش کردہ ایکشن پلان کی منظوری بھی دی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ایف بی آر میں جاری اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ٹیکس مقدمات کے حوالے سے بنائی گئی ٹاسک فورس کی رپورٹ پیش کی گئی۔  

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے ایکشن پلان کو ٹائم لائنز کے ساتھ پیش کرنے اور ٹیکس تنازعات کے جلد حل کے لیے اے ڈی آر کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔ 

انکا کہنا تھا کہ اے ڈی آر نظام سے عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم ہو گا اور ٹیکس مقدمات کا فیصلہ جلد ہو گا۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ کمیٹی کی رپورٹ میں مجوزہ سینٹرلائز لٹیگیشن منیجمنٹ سسٹم کو جلد از جلد قائم کیا جائے اور ایف بی آر کے قانونی ونگ میں ضرورت کے مطابق بہترین افرادی قوت کی خدمات لی جائیں۔ افرادی قوت کی خدمات کے حصول میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔ 

 اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ٹاسک فورس نے 6 اصلاحات پر مبنی ایکشن پلان پیش کیا۔ 

اس موقع پر بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ٹیکس تنازعات کے ڈیٹا کو منظم کرنے کے لیے خصوصی طور پر تیار کردہ سی ایل ایم ایس کا ڈیجیٹل نظام بنایا جائے گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے نظام سے ٹیکس مقدمات اور تنازعات کی درست رپورٹنگ ممکن ہو گی اور مقدمات کی بروقت پیروی ہو سکے گی۔

بریفنگ کے مطابق اس سال اے ڈی آر کے فورم سے اب تک ٹیکس تنازعات کے فیصلوں سے قومی خزانے میں 24 ارب روپے وصول ہو چکے ہیں۔

تجارتی خبریں سے مزید