• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکس اصلاحات کا مقصد کاروباری ماحول بہتر بنانا ہے، احد چیمہ

وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ(فائل فوٹو)۔
وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ(فائل فوٹو)۔

وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا ہے کہ ٹیکس اصلاحات کا مقصد کاروباری ماحول بہتر بنانا اور معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے۔

وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کی زیر صدارت اسلام آباد میں ٹیکس اصلاحات پر اجلاس ہوا، جس میں آئندہ وفاقی بجٹ کے لیے تجویز کردہ ٹیکس نافذ کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق حکومت نے آئندہ بجٹ میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم اور اے آئی پر مبنی ٹیکس اصلاحات نافذ کرنے پر غور کیا۔ اس موقع پر ایف بی آر ٹیم کی شرکاء کو آئندہ بجٹ کے لیے زیر غور مختلف تجاویز پر بریفنگ دی گئی۔ 

اجلاس میں انڈر رپورٹنگ، نان رپورٹنگ، انڈر انوائسنگ، ٹیکس چوری و اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ 

اعلامیہ کے مطابق ٹیکنالوجی کے ذریعے شفافیت اور نفاذ کو بہتر بنانے سے متعلق متعدد تجاویز کا جائزہ لیا گیا، زیرِ غور اہم تجاویز میں ٹیکس چوری روکنے کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ مکینزم کا جائزہ لیا گیا۔ 

ٹیکس چوری روکنے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی سسٹم کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ کسٹمز حکام کی جانب سے ضبط شدہ سامان کی نیلامی میں شفافیت لانے، کارکردگی یقینی بنانے کے لیے ای آکشن سسٹم متعارف کرانے پر بھی غور کیا گیا۔ 

وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا ای آکشن سسٹم سے ضبط شدہ سامان کی نیلامی کا عمل مزید شفاف بن جائے گا،حکومت معاشی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکس اصلاحات لائے گی۔ 

انھوں نے کہا کہ ٹیکس اصلاحات کا مقصد کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے، حکومت ایسے ٹیکس نظام کی مکمل حمایت کرتی ہے جس میں انسانی مداخلت کم سے کم ہو۔ 

وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا ڈیجیٹل طور پر خودکار نظام اور ٹیکنالوجی پر مبنی حل ایک مثبت قدم ثابت ہوگا، ڈیجیٹل سسٹم مضبوط ہونے سے عوام کو ایف بی آر کے دفتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اے آئی پر مبنی ٹیکس نظام سے عوام اور ایف بی آر کے افسران کو آسانی ہوگی، ایف بی آر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرکے مجوزہ تجاویز میں مزید بہتری لائے اور یقینی بنایا جائے کہ تمام اصلاحات عملی، ٹیکنالوجی پر مبنی اور مؤثر نتائج کی حامل ہوں۔

تجارتی خبریں سے مزید