وزیر اعظم شہباز شریف نے مختلف اعلیٰ حکومتی، آئینی و سیاسی شخصیات سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے ٹیلیفونک گفتگو میں حکومتی و سیاسی شخصیات کو عیدالاضحیٰ کی مبارک باد دی۔
انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا کے گورنرز، اسپیکر قومی اسمبلی، وزرائے اعلیٰ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
شہباز شریف نے دوران گفتگو تمام رہنماؤں کو عیدالاضحیٰ کی مبارک باد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے وفاقی وزراء علیم خان اور خالد مگسی اور سیاسی رہنما آفتاب شیر پاؤسے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللّٰہ تعالیٰ پاکستان کو امن، ترقی، خوشحالی اور استحکام عطا فرمائے، قوم کو اتحاد و اتفاق کی دولت سے نوازے۔
دوران گفتگو ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، وفاق اور صوبوں کے درمیان موثر روابط اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں اور اکائیوں کے ساتھ مل کر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کےلیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔