بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور نے اپنی والدہ اور لیجنڈری اداکارہ سری دیوی کی موت کے برسوں بعد بھی ان کی جدائی کے درد کو یاد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایسا زخم ہے جو کبھی مکمل طور پر نہیں بھر سکتا۔
حالیہ انٹرویو میں جھانوی کپور نے اپنی والدہ کی موت کے بعد کی زندگی اور ذہنی کیفیت پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص سری دیوی جیسا نہیں ہو سکتا اور نہ ہی میں خود کبھی اپنی والدہ کے مقام تک پہنچنے کا دعویٰ کر سکتی ہوں۔
جھانوی کا کہنا ہے کہ لوگ اکثر میرا موازنہ سری دیوی سے کرتے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ میری والدہ کی شخصیت، فن اور اثر و رسوخ بے مثال تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ درد کبھی ختم نہیں ہو گا، میری پوری کوشش یہی ہے کہ میں اپنی والدہ کے شاندار ورثے کو آگے بڑھاؤں اور اپنے کام کے ذریعے ان کی یاد کو زندہ رکھوں۔
جھانوی کپور نے کہا کہ مجھے جو مواقع ملتے ہیں وہ میرے لیے خوشی کا باعث بنتے ہیں کیونکہ اس طرح میں اپنی والدہ کی یاد سے جڑی رہتی ہوں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ کامیاب فلموں اور پیشہ ورانہ کامیابیوں کے باوجود والدہ کی کمی کبھی پوری نہیں ہو سکتی اور میری زندگی میں موجود یہ خلاء ہمیشہ برقرار رہے گا۔