• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے ماریشس میں 1 ارب 26 کروڑ روپے 2 غیر ملکی اکاؤنٹس منجمد

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )  نیب کراچی نے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ2010کے تحت ماریشس میں 4.5ملین ڈالر (ایک ارب 26 کروڑ روپے سے زائد) مالیت کے غیر ملکی بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیئے۔ بین الاقوامی منی لانڈرنگ کے خلاف ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے، نیب کراچی نے ماریشس کے سلور بینک میں موجود بحریہ ٹاؤن کے مالکان کے دو غیر ملکی بینک اکاؤنٹس کو ضبط (منجمد) کر لیا ہے۔ یہ کارروائی احتساب عدالت، کراچی کی باضابطہ اجازت کے بعد اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت کی گئی ہے۔تحقیقات سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ نجی ہاوسنگ سوسائٹی نے غیر قانونی حوالہ/ہنڈی نیٹ ورک کے ذریعے پاکستان سے رقم بیرون ملک منتقل کی۔ یہ فنڈز پہلے متحدہ عرب امارات بھیجے گئے اور وہاں سے ماریشس منتقل کر کے مشترکہ بینک اکاؤنٹس میں رکھے گئے۔ان اکاؤنٹس میں کل 4.5 ملین ڈالر موجود ہیں جنہیں اثاثوں کی بازیابی کی کوششوں کے تحت قانونی طور پر منجمد کر دیا گیا ہے۔ نیب نے وزارت خارجہ کے ذریعے ان رقوم کی ضبطی اور واپسی کے لیے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے، جو اب آخری مراحل میں ہے۔ یہ اقدام نیب کے اس عزم کا اعادہ ہے کہ وہ بین الاقوامی تعاون کے ذریعے بیرون ملک موجود غیر قانونی اثاثوں کو واپس لانے کے لیے پرعزم ہے۔
اہم خبریں سے مزید