• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ نے تیزاب گردی کے مجرم کی اپیل مسترد کردی

سپریم کورٹ نے تیزاب گردی کے مجرم کی کم عمری کی بنیاد پر نرمی کی اپیل مسترد کردی ۔

عدالت عظمیٰ نے تیزاب گردی کے مجرم عبد المنان کی عمر قید کی سزا برقرار رکھی اور متاثرہ لڑکی کو 10 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ وحشیانہ اور پہلے سے منصوبہ بند جرم میں کم عمری کی ڈھال استعمال نہیں ہو سکتی، تیزاب حملہ قتل سے بھی زیادہ ہولناک جرم ہے ۔

عدالت عظمیٰ نے کہا کہ عام شہریوں کو تیزاب کی کھلی فروخت پر مکمل پابندی عائد کی جائے اور بائیومیٹرک اور ڈیجیٹل سسٹم قائم کیا جائے۔

سپریم کورٹ نے ہائی کورٹس کو تیزاب گردی کے کیسز کا ٹرائل 4 ماہ میں مکمل کرنے اور خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ متاثرین کو مزید ذہنی اذیت سے بچانے کے لیے تیز رفتار ٹرائل ناگزیر ہے۔

عدالت نے حکم نامے میں کہا کہ متاثرین کی پلاسٹک سرجری اور نفسیاتی علاج کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے، حکومت تیزاب کے متاثرین کے لیے قومی بحالی فنڈ قائم کرے، تیزاب حملے کے مستقل متاثرین کو معذوری سرٹیفکیٹ اور سرکاری نوکریوں میں کوٹہ دیاجائے۔

قومی خبریں سے مزید