انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے قذافی اسٹیڈیم لاہور اور لارڈز کرکٹ گراؤنڈ لندن کی پچز کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا گیا۔ دونوں وینیوز کو ایک ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی مل گیا۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق لارڈز میں کھیلے گئے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ ٹیسٹ جبکہ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان اور آسٹریلیا کے تیسرے ون ڈے کی پچز پر میچ ریفریز نے تحفظات کا اظہار کردیا۔
آئی سی سی کے مطابق لارڈز ٹیسٹ کے میچ ریفری اینڈ پائکرافٹ کا کہنا ہے کہ لارڈز کی پچ پر غیر معمولی سیم موومنٹ اور غیر متوقع باؤنس کے باعث بیٹ اور بال کا توازن متاثر ہوا۔
ادھر پاک آسٹریلیا ون ڈے کے ریفری گریم لا بروئے نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کی پچ سست اور کم باؤنس والی تھی۔ پچ ون ڈے کرکٹ کے معیار پر پوری نہیں تھی، اسپنرز کو ابتدا ہی سے مدد ملتی رہی۔
آئی سی سی نے انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو رپورٹس ارسال کر دیں جبکہ انہیں اپیل کے لیے 14 روز کی مہلت دے دی۔
خیال رہے کہ لارڈز اور قذافی اسٹیڈیم کے خلاف اس سے قبل کوئی ڈیمیرٹ پوائنٹ موجود نہیں تھا۔
آئی سی سی قوانین کے مطابق غیر تسلی بخش پچ پر ایک جبکہ ناقابلِ کھیل پچ پر تین ڈی میرٹ پوائنٹس دیے جاتے ہیں۔
کوئی بھی وینیو 6 ڈی میرٹ پوائنٹس پر ایک سال اور 12 ڈی میرٹ پوائنٹس پر دو سال کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی سے محروم ہو سکتا ہے۔