ایران اور امریکا کے معاہدے کی تقریب میں وزیرِ اعظم شہباز شریف شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ تقریب میں شریک ہوں گے۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران معاہدے کی تقریب جینیوا میں منعقد ہو گی۔
عرب میڈیا کے مطابق جمعے کے روز ایک ابتدائی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوں گے جس کے بعد ایران کے جوہری پروگرام، پابندیوں میں نرمی اور دیگر اہم معاملات پر 60 دن تک مذاکرات جاری رہیں گے۔
ایرانی اور امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معاہدے کے تحت تمام محاذوں پر فوجی کارروائیاں روک دی جائیں گی اور آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت بحال ہو گی تاہم بعض امریکی رہنماؤں نے خبردار کیا ہے کہ دونوں ممالک معاہدے کی مختلف تشریحات پیش کر رہے ہیں جس سے مستقبل میں نئے تنازعات جنم لے سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ سب کو مبارکباد، ایران کے ساتھ معاہدہ مکمل ہو گیا۔
اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایرانی بندرگاہوں کی امریکا کی بحری ناکہ بندی ہٹا دی گئی ہے، دنیا بھر کے جہاز اپنی سرگرمیاں شروع کریں، تیل کی ترسیل بحال ہونے کا وقت آ گیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ آبنائے ہرمز جمعے کو جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کے بعد کھل جائے گی، آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے پاک کرنے کے لیے کھولا جائے گا۔