کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صوبائی محصولات جمع کرنے والے محکموں کو ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے، قوانین کی بہتر پاسداری یقینی بنانے، محصولات کے ضیاع کی روک تھام اور ٹیکس وصولی میں شفافیت اور کارکردگی بڑھانے کے لیے ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی ہدایت ،یہ ہدایت انھوں نے منگل کووسائل کے حصول اور محصولات میں اضافے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےجاری کی ،وزیر اعلیٰ نے تمام محصولات جمع کرنے والے محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ وصولی کے نظام کو مزید مؤثر بنائیں اور مالیاتی کارکردگی میں بہتری لائیں تاکہ صوبے کے ترقیاتی ایجنڈے کو تقویت دی جا سکے۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں صوبائی وزیر برائے ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول مکیش کمار چاولہ، چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو خالد حیدر شاہ، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، چیئرمین سندھ ریونیو بورڈ واصف میمن، سیکریٹری برائے وزیراعلیٰ آصف جمیل، سیکریٹری ایکسائز سلیم راجپوت اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے محصولات جمع کرنے والے اہم محکموں محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول، بورڈ آف ریونیو اور سندھ ریونیو بورڈ کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔